نیشنل

سویڈن میں قرآن پاک کو نذر آتش کرنا انتہائی گھناؤنا فعل ہے: جماعت اسلامی ہند

نئی دہلی _ جماعت اسلامی ہند نے سویڈن میں قرآن پاک کو نذر آتش کرنے کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے اور ملزمین کو سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

 

جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر پروفیسر محمد سلیم انجینئر نے میڈیا کو جاری کردہ اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ نسل پرستانہ، اشتعال انگیز اور نفرت انگیز جرم ہے، اس گھناؤنے فعل میں ملوث شخص کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانونی کارروائی کی جائے۔

 

پروفیسر سلیم نے کہا کہ مسلمان اس بات پر پختہ یقین رکھتے ہیں کہ تمام مذہبی کتابوں اور شخصیات کا احترام کیا جانا چاہیے، ان کی کسی بھی طرح بے عزتی نہیں ہونی چاہیے اور نہ ہی ان کی توہین اور تذلیل کی جانی چاہیے۔

 

مذہبی کتابوں اور شخصیات کا احترام سب پر لازم ہے، سویڈن میں جو کچھ ہوا وہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے، ایسی حرکتوں کی مذمت کرنے میں کسی کو ہچکچاہٹ نہیں کرنی چاہیے، اس طرح کی کارروائیاں مختلف مذہبی اکائیوں میں دراڑ پیدا کرتی ہیں جسے مہذب معاشرہ بھی معاف نہیں کر سکتا۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ قرآن پاک سے نفرت کرتے ہیں وہ ایک بار اس مقدس کتاب کا مطالعہ کریں اور اس کے پیغام کو سمجھنے کی کوشش کریں۔

 

قرآن وہ واحد مذہبی کتاب ہے جو عقل اور انسانی فطرت سے اپیل کرتی ہے، توہم پرستی اور تعصب سے اوپر اٹھ کر انسان کو  روحانی دنیا کے بارے میں اعتماد فراہم کرتی ہے۔

 

ہمیں مقدس کتابوں اور شخصیات کی بے حرمتی کی کوششوں کی متحد ہو کر مذمت کرنی چاہیے، سویڈن میں جو کچھ ہوا وہ اخلاقی گراوٹ اور دوسرے مذاہب کے خلاف جارحیت کی علامت ہے، ایسے مواقع پر اشتعال انگیزی سے گریز کرنا چاہیے اور قانون کی حدود میں رہتے ہوئے پرامن طریقے سے احتجاج یا مذمت کرنی چاہیے۔

 

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہند حکومت ہند سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ اس فعل کی مذمت کرے اور ہندوستان میں سویڈن کے سفارت خانے کو اپنی ناراضگی کا اظہار کرے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button