گاڑی کی ٹکر سے تیندوا زخمی۔ ریاست تلنگانہ کے ضلع کاما ریڈی میں نیشنل ہائی وے پر واقعہ
کاماریڈی۔ ریاست تلنگانہ کے ضلع کاماریڈی میں ایک تیندوا حادثہ کا شکار ہوگیا۔ یہ واقعہ سداشیو نگر منڈل میں 44 ویں قومی شاہراہ پر منگل کی رات پیش آیا جو چندرائن پلی اور دگی گاؤں کے درمیان واقع ہے تیندوا ایک نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے زخمی ہوگیا۔
حادثے کے فوراً بعد تیندوا کچھ دیر تک سڑک پر بے حس و حرکت بیٹھا رہا بعد ازاں تیندوا زخمی حالت میں جنگل کی طرف چلا گیا۔سڑک سے گزرنے والے مسافر تیندوے کو دیکھ کر خوفزدہ ہوگئے۔اس واقعہ نے علاقے میں خوف و ہراس پیدا کردیا- کاماریڈی کے رینج آفیسر رمیش اور سیکشن آفیسر مبشر علی نے محکمہ جنگلات کے عملے کے ساتھ مقام واقعہ کا دورہ کیا۔زخمی تیندوے کی تلاش کے لیے کوششیں جاری ہیں تاکہ اس کی حفاظت اور علاج کیا جاسکے۔
یہ واقعہ جنگلی حیات کے تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے اور یہ ظاہر کرتا ہے کہ قومی شاہراہوں پر جنگلی جانوروں کے تحفظ کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔