جنرل نیوز

اذان، اللہ کی طرف سے دعوت۔ڈان ہائی اسکول ملک پیٹ میں تربیتی پروگرام سے قاری عمران خان کا خطاب

حیدرآباد۔3دسمبر (پریس نوٹ) اذان اللہ تعالیٰ کی طرف سے اپنے بندوں کے لئے دن میں 5 وقت دی جانے والی ایک دعوت ہے۔ یہ ایک ایسی دعوت ہے جسے موذن انتہائی خوش الحانی اور خوبصورتی کے ساتھ دینا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار کینیڈا سے تعلق رکھنے والے ممتاز قاری محمد عمران نے کیا۔

 

وہ ڈان ہائی اسکول ملک پیٹ میں اذان کی تربیت کے ایک پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔ قاری عمران نے بتایا کہ اذان بنیادی طور پر دو قسم کی ہوتی ہے اور ان اقسام کی بھی ذیلی اقسام ہوتی ہے۔ سب سے اہم اقسام حجازی اور شامی ہے۔ حجازی اقسام کی ذیلی قسمیں مکی اور مدنی اذانیں ہیں جبکہ شامی اذان میں مراقشی، مصری، فلسطینی اور ترک اذانیں آتی ہیں۔ اس موقع پر قاری عمران نے طلبا کو اذان کی تربیت دی اور اذان سے متعلق مختلف تکنیکیں بتائیں جن میں سانس پر کنٹرول کی تکنیک بھی شامل ہے۔

 

انہوں نے طلبا کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی سانس اور اسٹامینا کو مضبوط بنانے کے لئے بعض مشقیں کریں۔ انہوں نے اسلامی تاریخ میں اذان کی ابتدا اور اس کی تاریخ پر روشنی ڈالی۔ اس اذان تربیتی کیمپ کے اہتمام میں مشہور آئی ٹی اکسپرٹ اور انٹرپرینور عرفان قریشی نے تعاون دیا۔ ڈائرکٹر گروپ آف انسٹی ٹیوشنس فضل الرحمن خرم نے مہمان قاری کا شکریہ ادا کیا۔ قاری عمران نے طلبا کے مظاہرے اور سیکھنے کی صلاحیتوں پر مسرت کا اظہار کیا۔

 

انہوں نے اس موقع پر علحدہ سیشنس میں دسویں جماعت کے طلبا و طالبات کو امتحانات کی تیاری کے گر بھی سکھائے اور ان میں تحریک پیدا کی۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button