تلنگانہ

مہہ جبین کلثوم کو 10ویں جماعت کے اسٹڈی میٹرئیل کی تحریر کا اعزاز

حیدرآباد۔ 25 مئی (راست) ایک مشہور اشاعتی ادارہ ایم ایس ایم پبلشنک ہاؤس نے تلنگانہ کے 10ویں جماعت کے انگریزی نصاب سے متعلق اسٹڈی میٹرئیل کی تیاری میں ڈان ہائی اسکول ملک پیٹ کی انگلش ٹیچر مہہ جبین کلثوم کی خدمات سے استفادہ کیا ہے۔ تقریباً 500 صفحات پر مشتمل یہ کتاب شائع ہو کر منظرعام پر آچکی ہے۔ اس کامیابی پر ڈان گروپ آف انسٹی ٹیوشنس کے صدرنشین فضل الرحمن خرم نے مہہ جبین کلثوم کو مبارکباد دی ہے اور ان سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ مہہ جبین کلثوم نے بتایا کہ اس کتاب میں آسان زبان اور تصاویر کی مدد سے تمام ابواب کی تشریح کی گئی ہے۔ طلبہ کو اس میں مختلف سوالات اور ایکٹیویٹی بھی دی گئی ہے جس سے نہ صرف انھیں امتحان میں اچھے نشانات حاصل کرنے میں مدد ملے گی بلکہ ان کی مجموعی شخصیت بھی بہتر ہوگی۔ مہہ جبین کلثوم خود ایک مثالی ٹیچر ہیں۔ ان کی شادی 10ویں جماعت میں کامیابی سے قبل ہوگئی تھی۔ انھوں نے بتایا کہ وہ تعلیم حاصل کرنے کی شدید خواہشمند تھیں، انھیں ان کے شوہر اور دیگر سسرالی رشتہ داروں کا تعاون حاصل رہا اور انھوں نے اپنی گھریلو ذمہ داریوں کی تکمیل کے ساتھ ساتھ ایم اے بی ایڈ تک تعلیم حاصل کی۔ اس اسٹڈی میٹرئیل کی اشاعت میں مہندر ملکوٹیا نے پراجکٹ کوآرڈینیٹر کا رول ادا کیا۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button