جنرل نیوز

آئین ہند کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے: ضلع کلکٹر ڈاکٹر سنگیتا ستیہ نارائنا

پداپلی, 26/نومبر/2022(استقام الدین)ضلع کلکٹر پداپلی ڈاکٹر سنگیتا ستیہ نارائنا نے کہا کہ آئین ہند ہماری سب سے بڑی طاقت ہے, اس کی حفاظت کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے.

73ویں یوم آئین ہند کے موقع پر کلکٹریٹ کامپلکس ہال میں منعقدہ تقریب میں ضلع کلکٹر ڈاکٹر سنگیتا ستیہ نارائنا نے ضلع ایڈیشنل کلکٹر لکشمی نارائنا, مجالس مقامی ایڈیشنل کلکٹر کمار دیپک کے ہمراہ شرکت کی اور تمام عہدیداروں اور عملہ کو دستورہند سے متعلقہ حلف دلوایا.
اس موقع پر ضلع کلکٹر نے اپنے خطاب میں کہا کہ دنیا کے سب سے بڑے جمہوری ملک ہندوستان کو ایک عظیم آئین دیاگیا ہے. فی الحال ہمارے آئین میں 413 آرٹیکلس اور 13 شیڈولس ہیں. 200 سال سے زائد برطانوی راج کے بعد ہمیں آزادی ملی. ہمارے آئین کے مسودے کی تیاری کے لئے ایک کمیٹی بنائی گئی اور دو سال کی بحث کے بعد 26/نومبر 1949 کو حتمی آئین کی تشکیل دی گئی.

ضلع کلکٹر نے مطلع کیا کہ سال 2015 سے یوم آئین ہند منایا جارہا ہے. ملک کے آئین کا مسودہ تیار کرنے کے لئے کئی ماہرین تعلیم, قانونی ماہرین اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے نامور افراد پر مشتمل ایک آئین ساز اسمبلی قائم کی گئی. 2 سال 11 ماہ 18 دن تک ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی زیر قیادت ڈرافٹ کمیٹی کے زیر اہتمام آئین ہند تیار کیا گیا.

ضلع کلکٹر نے کہا کہ آئین ہند کی تمہید کو بذریعہ آن لائن بڑی تعدادمیں لوگوں کو پڑھنے کے لئے موثر اقدامات کئے گئے ہیں . ویب سائٹ http://readpreamble.nic.in پر 22 ہندوستانی زبانوں اور انگریزی زبان میں آئین ہند کی تمہید زیردستیاب ہے.

اس پروگرام میں ضلع ٹی این جی او صدر بونکوری شنکر, کلکٹریٹ اے.او کے.وائی پرساد, ضلعی عہدیداران, سپریٹنڈنٹس, کلکٹریٹ عملہ و متعلقہ عہدیداران و دیگر نے شرکت کی.

متعلقہ خبریں

Back to top button