جگتیال کریم نگر اور پداپلی میں زمین لرز اٹھی، عوام میں خوف و ہراس — زلزلے کے جھٹکوں کے ساتھ عجیب آواز سنائی دی

جگتیال، : تلنگانہ کے اضلاع کریم نگر جگتیال پداپلی میں پیر کی شام اچانک زمین لرزنے کے واقعہ نے عوام کو خوفزدہ کر دیا۔ مقامی عوام کے مطابق انہیں معمولی نوعیت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوئے، جس کے بعد لوگ گھبرا کر گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ صرف زمین میں لرزش ہی نہیں بلکہ ایک دھماکہ نما عجیب آواز بھی سنائی دی، جس نے خوف میں مزید اضافہ کر دیا۔ یہ آواز کئی علاقوں میں بیک وقت سنائی دی، جس سے مقامی سطح پر چہ میگوئیاں شروع ہو گئیں۔
زلزلے کی شدت اور مرکز کے بارے میں تاحال زلزلہ پیما مرکز یا محکمہ موسمیات کی جانب سے کوئی سرکاری بیان جاری نہیں ہوا ہے۔ ضلع انتظامیہ نے فوری طور پر صورتحال پر نظر رکھتے ہوئے فیلڈ اسٹاف کو چوکس کر دیا ہے۔
جگتیال کے بعض علاقوں جیسے دھرم پوری، کورٹلہ، اور میٹ پلی میں زیادہ جھٹکے محسوس کیے جانے کی اطلاعات ملی ہیں۔ سوشل میڈیا پر بھی عوام اس واقعہ پر شدید ردعمل ظاہر کر رہے ہیں، اور کئی لوگوں نے ویڈیوز اور تصاویر شیئر کی ہیں جن میں عوام کو گھروں سے باہر نکلتے دیکھا جا سکتا ہے۔
کریم نگر کے سلطان آباد، ویمولواڑہ، سرسلہ، اور نرمَل ضلع کے خانہ پور، کڈم، نیز منچریال ضلع کے جنارم علاقے میں محسوس کیے گئے۔
زمین کے اچانک لرزنے سے عوام میں خوف کی لہر دوڑ گئی اور لوگ جان کے خوف سے اپنے گھروں سے باہر نکل کر کھلے میدانوں اور سڑکوں پر جمع ہو گئے
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ ابتدائی طور پر یہ جھٹکے معمولی نوعیت کے معلوم ہوتے ہیں، لیکن زمین کے اندرونی پرتوں میں تبدیلی کی علامت ہو سکتے ہیں۔ محکمہ جیولوجی کے ماہرین سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے تاکہ کسی ممکنہ خطرے سے قبل ہی احتیاطی اقدامات کیے جا سکیں۔