جرائم و حادثات

آن لائن لون ایپس کی ہراسانی سے تنگ آکر حیدرآباد میں پولیس کانسٹیبل کی خودکشی

حیدرآباد: آن لائن لون ایپس کے غیر قانونی کاروبار اور سائبر مجرموں کی ظالمانہ ہراسانی کا ایک اور شخص شکار ہوگیا۔ قانون کی حفاظت کی ذمہ داری نبھانے والے پولیس کانسٹیبل نے لون ایپس کی مسلسل ہراسانی اور دھمکیوں سے تنگ آکر اپنی جان دے دی۔

 

یہ افسوسناک واقعہ ضلع رنگاریڈی کے مہیشورم منڈل کے حدود میں واقع ہرشا گوڑہ میں پیش آیا۔پولیس کے مطابق آٹھویں بٹالین میں کانسٹیبل کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے 31 سالہ سرینو نے پیر کے روز مہیشورم منڈل کے ہرشا گوڑہ میں واقع اپنے گھر میں پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔

 

ارکان خاندان نے انہیں اس حالت میں دیکھ کر بچانے کی فوری کوشش کی لیکن اس وقت تک ان کی موت ہوچکی تھی۔معلوم ہوا ہے کہ متوفی سرینو کچھ عرصے سے آن لائن کرکٹ بیٹنگ کا عادی ہوگیا تھا۔ بیٹنگ میں رقم گنوانے کے بعد اس نقصان کی بھرپائی کے لیے اس نے مختلف آن لائن لون ایپس کے ذریعے قسطوں میں قرض حاصل کیا تھا۔

 

تاہم ان لون ایپس کے منتظمین نے بھاری سود اور غیر قانونی پروسیسنگ فیس کے نام پر سرینو کو ہراساں کرنا شروع کردیا۔قرض کی رقم مقررہ وقت پر ادا نہ کرپانے کے باعث سرینو کو نامعلوم افراد کی جانب سے مسلسل دھمکی آمیز فون کالس موصول ہونے لگیں۔

 

سائبر مجرموں نے اس کے موبائل فون کے کانٹیکٹس حاصل کرکے رشتہ داروں اور دوستوں کو اس کی قابل اعتراض اور برہنہ تصاویر، جن میں ردوبدل کیا گیا تھا اور فحش پیغامات بھیج کر اسے بدنام کرنا شروع کردیا۔ارکان خاندان نے روتے ہوئے بتایا کہ سماج میں شدید بدنامی کے خوف اور سائبر مجرموں کی جانب سے

 

مسلسل ذہنی اذیت برداشت نہ کرپانے کے باعث سرینو نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔متوفی کی والدہ کی شکایت پر پہاڑی شریف پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ پولیس سرینو کے فون پر ہونے والی گفتگو، ڈیجیٹل لین دین اور دھمکی آمیز کالس موصول ہونے والے نمبروں کی بنیاد پر تحقیقات کررہی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button