نیشنل

راہول گاندھی کے بچپن کا ویڈیو وائرل، 1981 کے امیٹھی ضمنی انتخاب اور گاندھی خاندان کی اندرونی کشمکش کی یادیں تازہ

نئی دہلی: کانگریس قائد راہول گاندھی کے بچپن کی ایک پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ تقریباً 10 سال کی عمر کے دکھائی دے رہے ہیں۔ ویڈیو میں فون پر اطلاع دی جارہی ہے کہ ان کے والد راجیو گاندھی انتخاب میں آگے چل رہے ہیں۔

 

سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کو 1981 کے امیٹھی ضمنی انتخاب سے جوڑا جارہا ہے جس کے ذریعے راجیو گاندھی نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کیا تھا۔دراصل 23 جون 1980 کو ایک طیارہ حادثے میں سنجے گاندھی کی موت ہوگئی تھی۔ وہ اترپردیش کے امیٹھی حلقہ لوک سبھا سے رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے تھے۔ ان کی موت کے بعد خالی ہونے والی نشست پر جون 1981 میں ضمنی انتخاب منعقد ہوا

 

جس میں اس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی نے اپنے بڑے بیٹے راجیو گاندھی کو کانگریس امیدوار نامزد کیا۔ راجیو گاندھی نے لوک دل کے امیدوار شرد یادو کو 2 لاکھ 37 ہزار سے زائد ووٹوں کے فرق سے شکست دی اور پہلی مرتبہ لوک سبھا پہنچے۔ اس سیاسی تبدیلی کے دوران سنجے گاندھی کی اہلیہ مینکا گاندھی بھی خاندان کے اندر اختلافات کا سامنا کررہی تھیں۔

 

سنجے کی موت کے بعد وہ اپنے شوہر کی سیاسی وراثت کو آگے بڑھانا چاہتی تھیں لیکن امیٹھی سے راجیو گاندھی کو امیدوار بنائے جانے پر ان کے اور اندرا گاندھی کے درمیان اختلافات شدت اختیار کرگئے۔ 28 مارچ 1982 کو مینکا گاندھی اپنے کمسن بیٹے ورون گاندھی کے ساتھ اندرا گاندھی کی سرکاری رہائش گاہ چھوڑ کر چلی گئی تھیں۔ اس واقعہ نے گاندھی خاندان کی اندرونی کشمکش کو قومی سطح پر موضوعِ بحث بنادیا تھا۔

 

بعد ازاں مینکا گاندھی نے اپنے شوہر کی سیاسی شناخت کو آگے بڑھانے کے لئے راشٹریہ سنجے منچ قائم کیا اور 1984 کے عام انتخابات میں امیٹھی سے راجیو گاندھی کے خلاف انتخابی میدان میں اتری۔ اسی دوران 31 اکتوبر 1984 کو اندرا گاندھی کو ان کے محافظوں نے قتل کردیا جس کے بعد راجیو گاندھی وزیر اعظم بنے۔ اندرا گاندھی کے قتل کے بعد ملک میں کانگریس کے حق میں پیدا ہونے والی ہمدردی کی لہر نے انتخابی نتائج پر بھی اثر ڈالا۔ راجیو گاندھی نے مینکا گاندھی کو تقریباً 3.14 لاکھ ووٹوں کے فرق سے شکست دی، جبکہ مینکا اپنی ضمانت بھی نہیں بچا سکیں۔

 

اس طرح سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس پرانی ویڈیو کو گاندھی خاندان کی سیاسی تاریخ کے ایک اہم دور سے جوڑا جارہا ہے جب سنجے گاندھی کی موت کے بعد سیاسی جانشینی کا معاملہ سامنے آیا اور اسی دوران خاندان کے اندر اختلافات بھی کھل کر سامنے آنے لگے تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button