ڈپٹی چیف منسٹر آندھراپردیش اور ان کی بیوی نے الگ ہونے کا کیافیصلہ

حیدرآباد: آندھرا پردیش کے ڈپٹی چیف منسٹر اور جنا سینا کے سربراہ پون کلیان اور ان کی اہلیہ انا کونڈیلا نے باہمی رضامندی سے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس سلسلے میں دونوں نے پیر کی رات ایک مشترکہ بیان جاری کیا۔ بیان کا مکمل متن درج ذیل ہے۔’’ہم نے اپنی زندگی کے ایک انتہائی اہم دور کو ساتھ گزارنے کے بعد باہمی سمجھ بوجھ اور احترام کے ساتھ الگ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
اگرچہ ہماری ازدواجی زندگی ختم ہو رہی ہے لیکن ہم اچھے دوستوں کی حیثیت سے برقرار رہیں گے۔ ہم اپنے بچوں کے ذمہ دار والدین کی حیثیت سے بھی اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔ ہمارے بچوں کی خوشی اور فلاح و بہبود ہمیشہ ہماری مشترکہ ترجیح رہے گی۔
ہم اس مرحلے پر آپ سے اپیل کرتے ہیں کہ ہماری صورتحال کو سمجھیں ہمدردی کا مظاہرہ کریں اور ہماری نجی زندگی کا احترام کریں۔ ہمارے اس سفر میں ساتھ دینے والے تمام لوگوں کے ہم تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔‘‘
پون کلیان کونڈیلا، انا کونڈیلا
واضح رہے کہ آندھرا پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ پون کلیان اور ان کی اہلیہ اینا کونیڈیلا نے شادی کے 13 سال بعد باہمی رضامندی سے ایک دوسرے سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اینا لیژنیوا (انا کونیڈیلا) پون کلیان کی تیسری اہلیہ ہیں۔ اداکار نے 1997 میں نندنی سے پہلی شادی کی تھی اور 2008 میں دونوں نے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔ اس کے بعد اداکار نے 2009 میں اداکارہ رینو دیسائی سے شادی کی لیکن 2012 میں دونوں کی طلاق ہو گئی۔
اس شادی سے ان کے 2 بچے ہیں ایک بیٹا اکیرا نندن اور ایک بیٹی آدھیا۔ 2013 میں اداکار پون کلیان نے روسی نژاد ماڈل اور اداکارہ اینا لیژنیوا (اینا کونیڈیلا) سے شادی کی تھی۔ دونوں کی پہلی ملاقات 2011 میں ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران ہوئی تھی۔
اس کے بعد دونوں نے 30 ستمبر 2013 کو شادی کی تھی۔ اس شادی سے ان کا ایک بیٹا ہے جس کا نام مارک شنکر پونووچ ہے۔



