ڈان اسکول کے طالب علم کو ریاستی سطح کے سائنس سیمینار میں انعام دوم

حیدرآباد۔29اکتوبر (پریس نوٹ) ڈان ہائی اسکول ملک پیٹ کے سید فاضل نے ایس سی ای آر ٹی کی جانب سے منعقدہ ریاستی سطح کے ایک سائنس سیمینار میں دوسرا مقام حاصل کیا۔ یہ انعام نقد رقم پر مشتمل ہے۔ سمینار کا موضوع آرٹیفیشل انٹلیجنس کے امکانات اور تشویش تھا۔
نویں جماعت کے طالب علم فاضل نے ضلع سطح کے مقابلہ میں پہلا مقام حاصل کیا تھا اور ریاستی سطح کے مقابلہ کے لیے کوالیفائی ہوئے تھے۔ 25 اضلاع کے طلبا نے ریاستی سطح کے مقابلہ میں حصہ لیا۔ انہوں نے گائیڈ ٹیچر فراز محی الدین اور حسنہ مس کی نگرانی میں یہ انعام حاصل کیا۔ فائنل مقابلہ ایس سی ای آر ٹی گوداوری آڈیٹوریم ہال لال بہادر اسٹیڈیم حیدرآباد میں منعقد ہوا۔
ڈان گروپ انسٹیٹیوشنس کے چیرمین جناب فضل الرحمن خرم نے فاضل اور اساتذہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ ایک اہم سنگ میل ہے اور انتظامیہ اور اساتذہ کو اس کارنامہ پر فخر ہے۔