ایجوکیشن

صفا این جی او کی جانب سے ایس ایس سی ٹاپرز کے اعزاز میں شاندار تہنیتی تقریب، غوث نگر اسکول کے پانچ طلبہ کی گل پوشی و شال پوشی

صفا این جی او کی جانب سے ایس ایس سی ٹاپرز کے اعزاز میں شاندار تہنیتی تقریب، غوث نگر اسکول کے پانچ طلبہ کی گل پوشی و شال پوشی

 

 

حیدرآباد: صفا این جی او کے زیرِ اہتمام ایس ایس سی امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کے اعزاز میں ایک پروقار تہنیتی تقریب صفا لائٹ ہاؤس، دارالشفا، پرانی حویلی میں منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں مختلف اسکولوں کے نمایاں طلبہ کو ان کی تعلیمی کامیابیوں پر گل پوشی، شال پوشی اور یادگاری مومنٹو پیش کرکے حوصلہ افزائی کی گئی۔

 

گورنمنٹ ہائی اسکول غوث نگر کے پانچ ہونہار طلبہ، جنہوں نے ایس ایس سی امتحانات میں شاندار نتائج حاصل کیے، اس اعزاز سے نوازے گئے۔ تقریب میں طلبہ کی علمی و تعلیمی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں مستقبل میں مزید کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔

 

غوث نگر اسکول کی نمائندگی کرتے ہوئے ایس ایس سی انچارج جناب محمد رفیع اور جناب سید خالد نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے غوث نگر اسکول کے طلبہ کی تعلیمی جدوجہد، اساتذہ کی محنت اور اسکول کی منظم منصوبہ بندی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے صدر مدرس جناب شاہد علی حسرت کی مؤثر تعلیمی پالیسیوں اور قائدانہ صلاحیتوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اسکول کی مسلسل ترقی اور کامیابی کا راز اجتماعی کوشش، ٹیم ورک اور طلبہ کی ہمہ جہت رہنمائی میں پوشیدہ ہے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ غوث نگر اسکول کی کامیابیاں اساتذہ، طلبہ اور اولیائے طلبہ کے باہمی تعاون کا نتیجہ ہیں، جنہوں نے تعلیمی معیار کو بلند کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

 

اس موقع پر صفا این جی او کے ذمہ داران کا خصوصی شکریہ ادا کیا گیا، جو پسماندہ بستیوں کے طلبہ کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، انہیں بہتر تعلیمی مواقع فراہم کرنے اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے مسلسل خدمات انجام دے رہے ہیں۔

 

تقریب میں محترمہ کوثر میڈم، محترمہ نعمت میڈم، جناب محمد اسحاق، جناب سلمان اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسے حوصلہ افزا پروگرام طلبہ میں تعلیمی مسابقت، اعتماد اور کامیابی کا جذبہ مزید مضبوط کرتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button