این آر آئی

دبئی ایمریٹس سڑکہ حادثہ – جاں بحق افراد کی میتیں ہندوستان اور سری لنکا روانہ، تحقیقات جاری

دبئی: دبئی کی ایمریٹس روڈ پر 8 جون کو پیش آئے ہولناک سڑک حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی میتوں کو ان کے آبائی ممالک منتقل کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ حکام کے مطابق 14 جون کو چار میتیں روانہ کی گئیں جن میں دو تلنگانہ، ایک نئی دہلی اور ایک سری لنکا بھیجی گئی، جبکہ اس سے قبل دو میتیں وارانسی منتقل کی جا چکی ہیں۔ ایک اور میت کو تلنگانہ بھیجنے کی تیاریاں جاری ہیں۔

 

حادثہ اس وقت پیش آیا تھا جب 16 مزدوروں کو لے جانے والی ایک منی بس تکنیکی خرابی کے باعث سڑک کنارے کھڑے ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔ دبئی پولیس کے مطابق حادثے میں 7 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوئے تھے۔

 

متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے چوپہ ڈنڈی کے رکن اسمبلی ڈاکٹر میڈی پلی ستیہ دبئی پہنچے اور بھارتی قونصل خانے کے تعاون سے میتوں کی منتقلی کے عمل کو تیز کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ حکام کے مطابق متوفین کا تعلق تلنگانہ، بھارت کی دیگر ریاستوں اور سری لنکا سے ہونے کے باعث مختلف ممالک اور ریاستی اداروں کے درمیان رابطہ ضروری تھا۔

 

حادثے کے بعد یو اے ای میں منی بسوں کی حفاظتی معیار پر دوبارہ بحث شروع ہوگئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بیشتر منی بسوں میں ہنگامی اخراج کے دروازوں، جدید حفاظتی نظام اور مضبوط ڈھانچے کی کمی کے باعث سنگین حادثات میں جانی نقصان بڑھ جاتا ہے۔ روڈ سیفٹی ماہرین نے مزدوروں کی نقل و حمل کے لیے استعمال ہونے والی گاڑیوں کے حفاظتی معیار مزید سخت کرنے پر زور دیا ہے۔

 

واضح رہے کہ ہولناک سڑک حادثے میں سات افراد جاں بحق ہو گئے، جن میں تلنگانہ کے ضلع جگتیال سے تعلق رکھنے والے تین تارکینِ وطن بھی شامل ہیں۔ حادثے میں متعدد افراد زخمی ہوئے، جن میں حیدرآباد کے محمد سعید بھی شامل ہیں،

 

ابتدائی اطلاعات کے مطابق مرنے  والوں میں سید سلیم (51) ساکن نملی کنڈہ، منڈل کوڈی میال، گولاپلی تروپتی گوڑ (42) ساکن توکا پلی، منڈل ملیال اور عبد الرفیق (37) ساکن گاجولا پیٹ، میٹ پلی شامل ہیں۔ تینوں ضلع جگتیال کے رہنے والے تھے اور شارجہ میں قائم ایک ایلومینیم ڈور فریم اور گلاس فیکٹری میں ملازمت کرتے تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button