ملک میں بڑھتی فرقہ پرستی کے خلاف آواز اثھانے اترپردیش کے ہیڈ کانسٹیبل جمشید نے چھوڑ دی وردی کی نوکری – سیاست میں آنے کا اعلان
سیاست میں آنے کے لیے یوپی پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل محمد جمشید کا استعفیٰ، فرقہ واریت کے خلاف جدوجہد کا اعلان

اترپردیش کے بریلی جی آر پی میں تعینات ہیڈ کانسٹیبل محمد جمشید نے اپنی ملازمت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کرتے ہوئے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کی ہے، جو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ ویڈیو میں محمد جمشید کے ہاتھ میں استعفیٰ کی تحریری درخواست دیکھی جا سکتی ہے، جبکہ وہ یہ کہتے ہوئے نظر آتے ہیں کہ سرکاری ملازمت چھوڑنا آسان فیصلہ نہیں، لیکن ان کا مقصد ملازمت سے کہیں بڑا ہے، اسی لیے انہوں نے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
محمد جمشید نے واضح کیا کہ وہ سیاست میں آکر ملک میں بڑھتی ہوئی فرقہ واریت، نفرت اور سماجی تقسیم کے خلاف آواز بلند کرنا چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق وہ مساوات، قومی یکجہتی اور سیکولر اقدار کے فروغ کے لیے سیاسی میدان میں قدم رکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو نفرت کی آگ میں جھونکنے والی قوتوں کے خلاف جدوجہد ان کا مشن ہے۔
ویڈیو میں انہوں نے پولیس محکمہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پولیس نے انہیں زندگی کے ایسے اسباق سکھائے ہیں جو کسی بڑی یونیورسٹی سے بھی حاصل نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی وردی اور اپنے فرائض کا انہوں نے ہمیشہ احترام کیا ہے اور ایک مثالی پولیس اہلکار بننے کی کوشش کی ہے۔
محمد جمشید ضلع مرادآباد کے مَیناٹھیر تھانہ علاقے کے گاؤں گُریر کے رہنے والے ہیں اور گزشتہ دس برس سے اترپردیش پولیس میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وہ 22 مارچ 2026 سے بریلی جنکشن جی آر پی تھانے میں تعینات تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے اتوار کے روز اپنا استعفیٰ تحریر کرنے کے بعد ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد محکمہ پولیس نے انہیں فوری طور پر پولیس لائن بھیج دیا۔ اپنے استعفیٰ میں انہوں نے ملک میں بڑھتی فرقہ وارانہ کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیاست کے ذریعے سماجی ہم آہنگی اور قومی اتحاد کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں، اس لیے انہیں ملازمت سے سبکدوش کیا جائے۔
ادھر بریلی کے ایس ایس پی انوراگ آریہ نے کہا کہ انہیں بھی محمد جمشید کے استعفیٰ کی اطلاع سوشل میڈیا کے ذریعے ملی ہے۔ ابھی تک ان کے پاس باضابطہ طور پر کوئی استعفیٰ موصول نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہیڈ کانسٹیبل کی جانب سے ضابطے کے مطابق استعفیٰ پیش کیا جاتا ہے تو محکمانہ قوانین کے تحت اس پر کارروائی کی جائے گی۔



