حج 2024 – پہلے دن بڑے جمرا کی رمی کے بعد طواف افاضہ کے لیے حجاج کی مکہ آمد

ریاض ۔ کے این واصف
حلق اور احرام اتار کر حجاج کی بڑی تعداد طواف افاضہ کے لیے مکہ مکرمہ پہنچ رہے ہیں۔ دوسری جانب حجاج کی جانب سے بڑے شیطان کو کنکریاں مارنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔اطلاعات کے مطابق جمرات پر بہترین انتظامات کی وجہ سے حجاج کو کسی قسم کا پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑ رہا۔ جمرات پر مشاعر مقدسہ ٹرین کے تینوں اسٹیشن مکمل گنجائش کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
حج 2024 کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کرنے کے بعد حجاج نے جمعہ کی شب مزدلفہ کے میدان میں قیام کیا جہاں سے انہوں نے کنکریاں اکھٹی کیں اورصبح سویرے ہی منیٰ پہنچ گئے۔حجاج نے سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جمرا عقبہ “بڑا شیطان” کو کنکریاں ماریں۔جمرات پل کی جانب جانے والے تمام راستوں پر سکیورٹی اہلکاروں کی بڑی تعداد موجود ہے تاکہ حجاج کی آمد ورفت کو منظم رکھا جا سکے۔
انتظامیہ کی جانب سے منیٰ میں جمرات پل تک جانے اور واپسی کے راستوں کو جدا کیا گیا ہے۔منیٰ کے تمام راستوں پر سکیورٹی اہلکار تعینات ہیں جو انتہائی خوش اخلاقی سے حجاج کی نہ صرف رہنمائی کر رہے ہیں بلکہ انہیں گرمی کی شدت سے بچانے کے لیے پانی کی پھوار برساتے ہیں۔منیٰ کی تمام سڑکوں پر نصب خصوصی فواروں کے ذریعے صبح سے ہی پانی کی پھوار برسانے کا سلسلہ جاری ہے جس کا مقصد ہوا کو ٹھنڈا رکھنا ہے۔