انٹر سال دوم میں ایم ایس جونیئر کالج کے طلبہ کی شاندار کامیابی: حفصہ بیگم کو اسٹیٹ فرسٹ رینک ، 55 طلبہ کو 990 سے زائد مارکس

حیدرآباد ۔پریس ریلیز ۔ 12 اپریل ۔انٹرمیڈیٹ سیکنڈ ایئر 2026 کے نتائج کے اعلان کے ساتھ ہی ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی نے ایک بار پھر اپنی تعلیمی برتری کا لوہا منوا لیا۔ اس سال ایم ایس جونیر کالج کے 55 طلبہ نے 1000 میں سے 990 سے زائد نمبرات حاصل کیے جو کہ ایک غیر معمولی اور تاریخی کامیابی ہے۔
اس شاندار کارکردگی کی قیادت حفصہ بیگم نے کی، جنہوں نے 1000 میں سے 997 مارکس حاصل کرتے ہوئے ریاست بھر میں پہلا مقام حاصل کیا۔ ان کا یہ اسکور نہ صرف ریاستی سطح پر نمایاں ہے بلکہ ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کی انٹرمیڈیٹ تاریخ میں اب تک کا سب سے زیادہ اسکور بھی ہے۔ حفصہ بیگم ایم ایس ایجوکیشن اکیڈمی کی ہیونلی ہارٹ اسکالر ہیں، جو اس خصوصی اسکالرشپ کے تحت آٹھویں جماعت سے انٹر میڈیٹ تک زیرِ تعلیم رہیں۔
یہ اسکالرشپ اُن طلبہ کی تعلیمی معاونت کے لیے ہے جنہوں نے کووڈ کے دوران اپنے والد کو کھو دیا، تاکہ وہ اپنی تعلیم اعتماد کے ساتھ جاری رکھ سکیں۔
دیگر نمایاں طلبہ میں سیدہ اسماء فاطمہ (BiPC – 995)، اقراء علی (BiPC – 995)، صفا امۃ الفطیر (BiPC – 995)، ماہین فاطمہ (BiPC – 993)، مریم تبسم (BiPC – 992) اور اسراء عبد الرحیم (BiPC – 991) شامل ہیں۔
سیدہ سارا النساء995 MPC، نومہ فاطمہ993 MPC، محمد زبیر MPC 993 ۔
اسی طرح سی ای سی کے طلبہ میں سیدہ عتیقہ زوہا 985، حفصہ فاطمہ 984 اور یاسین شیخ 982 نے بھی نمایاں کامیابی حاصل کی۔ایم ایس ایجوکیشن اکیڈمی کے کارپوریٹ آفس میں ان نمایاں طلبہ کے اعزاز میں ایک پروقار تقریبِ تہنیت کا بھی انعقاد کیا گیا، جہاں ٹاپرز کو خصوصی طور پر سراہا گیا۔
اس موقع پر ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے منیجنگ ڈائریکٹرز انور احمد اور ڈاکٹر معظم حسین، نیز وائس چیئرپرسن نُزہت خان نے حفصہ بیگم اور ان کی والدہ کو اس عظیم کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے دیگر نمایاں طلبہ، ان کے والدین اور اساتذہ کو بھی تہنیت پیش کرتے ہوئے مبارکباد دی اور کہا کہ یہ کامیابی طلبہ کی محنت، والدین کی دعاؤں اور اساتذہ کی مخلصانہ رہنمائی کا نتیجہ ہے۔
انتظامیہ نے اس بات پر زور دیا کہ ایم ایس جونیئر کالج نہ صرف تعلیمی میدان میں بلکہ طلبہ کی ہمہ جہت شخصیت سازی، تربیتاور اخلاقی اقدار کی تشکیل میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ ادارے کا مقصد طلبہ کو صرف امتحانات میں کامیاب بنانا نہیں بلکہ انہیں ایک ذمہ دار اور باکردار شہری بنانا ہے۔ایم ایس جونیئر کالج کی یہ شاندار کامیابی اس کے معیاری نظامِ تعلیم، مسلسل محنت اور بہترین تدریسی حکمتِ عملی کی عکاس ہے۔
انتظامیہ نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ادارہ اسی طرح کامیابیوں کی نئی مثالیں قائم کرتا رہے گا اور طلبہ کو اعلیٰ معیار کی تعلیم فراہم کرتا رہے گا۔



