30 ہزار فٹ بلندی پر تھا طیارہ ۔پائلٹ کو پڑا دل کا دورہ

نئی دہلی: اسپین سے برمنگھم جانے والی جیٹ 2 کی پرواز میں دورانِ سفر اس وقت ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی جب طیارہ 30 ہزار فٹ کی بلندی پر تھا اور پائلٹ کو اچانک دل کا دورہ پڑ گیا۔ یہ واقعہ اسپین کے شہر ٹینیرائف سے برمنگھم
جانے والی جیٹ2 پرواز میں پیش آیا جس کے بعد طیارے کی پرتگال میں ہنگامی لینڈنگ کروائی گئی۔اطلاعات کے مطابق جمعہ کی علی الصبح جیٹ2 کی پرواز اسپین کے ٹینیرائف سے برمنگھم کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ طیارہ تقریباً 30 ہزار فٹ
کی بلندی پر پرواز کررہا تھا کہ اسی دوران شریک پائلٹ نے محسوس کیا کہ پائلٹ کو دل کا دورہ پڑا ہے۔ صورتحال کو بھانپتے ہوئے فوری طور پر پرتگال کے کے حکام کو مطلع کیا گیا۔طیارہ ایئرپورٹ پہنچنے سے قبل ہی حکام نے ہنگامی طبی
انتظامات مکمل کرلیے تھے اور لینڈنگ کے فوری بعد پائلٹ کو طبی امداد فراہم کی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ اس وقت طیارے میں تقریباً 220 مسافر سوار تھے۔واقعہ کے بعد مسافروں کو ایک گھنٹے سے زائد وقت تک طیارے میں ہی انتظار کرنا پڑا۔
مسافروں نے شکایت کی کہ متبادل انتظامات ہونے تک انہیں تقریباً 13 گھنٹے ٹرمینل میں گزارنے پڑے تاہم ایئرلائن کی جانب سے مناسب رہائش یا سہولیات فراہم نہیں کی گئیں۔بعد ازاں ہفتہ کے روز متبادل پرواز کا انتظام کیا گیا جس کے
ذریعے مسافر برمنگھم پہنچ سکے۔ جیٹ2 ایئرلائن نے مسافروں کو پیش آنے والی دشواری پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ مسافروں اور عملے کی حفاظت کے معاملے میں ایئرلائن کبھی سمجھوتہ نہیں کرتی۔




