’’پٹرول چھوڑو، پہلے کسانوں کو بچاؤ‘‘ کہنے والے آر ٹی سی ڈرائیور کو نوکری سے ہٹادیا گیا – جگتیال واقعہ پر ہنگامہ
جگتیال: پٹرول اور ڈیزل قیمتوں میں اضافے کے خلاف تلنگانہ کے جگتیال میں منظم کانگریس کے احتجاج کے دوران ’’پہلے دھان اور مکئی خریدنے کی فکر کریں‘‘ کہنے والے آر ٹی سی ڈرائیور اشوک کے خلاف کارروائی ریاست بھر میں موضوعِ بحث بن گئی ہے۔
جگتیال میں وزیر لکشمن کمار کی قیادت میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف کانگریس کی ریالی جاری تھی کہ اسی دوران ایک آر ٹی سی بس کو پولیس نے راستہ بدلنے کیلئے روک دیا۔ اس موقع پر ڈرائیور اشوک نے احتجاج کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’پٹرول کی قیمتیں کبھی بھی کم ہوسکتی ہیں، پہلے دھان اور مکئی کے کسانوں کو بچائیے۔‘‘ اس بیان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
بعد ازاں عہدیداروں نے آر ٹی سی کرایہ کی بس کے ڈرائیور اشوک کے خلاف تادیبی کارروائی کرتے ہوئے انہیں ڈیوٹی سے برخواست دیا۔ اشوک کا کہنا ہے کہ انہوں نے کسی سیاسی پارٹی یا لیڈر پر تنقید نہیں کی بلکہ صرف کسانوں کے مسائل اٹھائے تھے۔ ان کے مطابق آر ایم دفتر سے انہیں ہٹانے کا لیٹر جاری کیا گیا ہے اور پانچ ڈپوؤں کو ہدایت دی گئی ہے کہ انہیں ڈیوٹی نہ دی جائے۔



