تلنگانہ آندھرا پردیش میں لو لگنے سے ایک ہی دن میں 77 افراد کی موت

حیدرآباد: تلگو ریاستوں میں سورج مسلسل آگ برسا رہا ہے۔ 45 ڈگری کے ریکارڈ درجہ حرارت کے ساتھ شدید لو چلنے کے باعث عوام شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ گرمی کی شدت اور لو لگنے کے سبب کل پیر کے روز آندھرا پردیش
اور تلنگانہ میں مجموعی طور پر 77 افراد کے فوت ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ان میں صرف تلنگانہ میں 52 جبکہ آندھرا پردیش میں 25 اموات درج کی گئی ہیں۔ تاہم زمینی سطح سے موصول ہونے والی غیر سرکاری رپورٹوں کے مطابق گزشتہ ایک
ہفتے کے دوران دونوں ریاستوں میں تقریباً 200 سے 300 افراد لو لگنے سے ہلاک ہوئے ہیں۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند دنوں تک گرمی کی شدت اسی طرح برقرار رہ سکتی ہے اور درجہ حرارت میں مزید اضافہ ہونے کا
امکان ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر دونوں ریاستوں کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ اداروں نے عوام کو انتہائی محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ خاص طور پر دوپہر 11 بجے سے شام 4 بجے تک شدید گرمی رہنے کے باعث بزرگوں،
حاملہ خواتین اور چھوٹے بچوں کو انتہائی ضرورت کے بغیر گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت دی گئی ہے۔



