گٹکھا، سگریٹ و تمباکو جان لیوا امراض کا سبب، نوجوان نسل زیادہ متاثر : ڈاکٹر رویندر نائک

گٹکھا، سگریٹ و تمباکو جان لیوا امراض کا سبب، نوجوان نسل زیادہ متاثر : ڈاکٹر رویندر نائک
*تلنگانہ سٹیزنز کونسل کے زیرِ اہتمام عالمی یومِ انسدادِ تمباکو پر وال پوسٹر کی رسمِ اجرا، عوام میں بیداری پیدا کرنے پر زور*
حیدرآباد (پریس نوٹ)عالمی یومِ انسدادِ تمباکو کے موقع پر تلنگانہ سٹیزنز کونسل (TCC) کے زیرِ اہتمام دفتر ڈائریکٹر صحت، کوٹھی، حیدرآباد میں ایک بیداری پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں تمباکو نوشی اور دیگر نشہ آور تمباکو مصنوعات کے مضر اثرات سے متعلق عوام میں شعور اجاگر کرنے پر زور دیا گیا۔اس موقع پر مہمانِ خصوصی ڈاکٹر رویندر نائک(ڈائریکٹر میڈیکل ہیلتھ اینڈ فیملی ویلفیئر) نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سگریٹ نوشی اور تمباکو مصنوعات کا استعمال صحت، معیشت اور سماج تینوں کے لیے نقصان دہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمباکو نوشی ذہنی دباؤ، بے چینی، کام میں عدم توجہ اور متعدد جسمانی بیماریوں کا سبب بنتی ہے۔ تمباکو کے استعمال سے پھیپھڑوں، حلق، منہ، غذائی نالی، مثانے اور دیگر اعضا کے سرطان سمیت کئی جان لیوا امراض کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔تلنگانہ سٹیزنز کونسل کے ریاستی صدر ڈاکٹر راج نارائن مدیراج نے اپنے خطاب میں کہا کہ سگریٹ، بیڑی، گٹکھا اور ای سگریٹ کی شکل میں تمباکو کا استعمال تیزی سے بڑھ رہا ہے، جس کی جانب نوجوان اور طلبہ بڑی تعداد میں راغب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی رپورٹس کے مطابق ہر سال دنیا بھر میں تقریباً 80 لاکھ اور ہندوستان میں 13 لاکھ 50 ہزار افراد تمباکو سے متعلق بیماریوں کے باعث جان کی بازی ہار جاتے ہیں
۔لائن پریم چند منوت جین(ڈسٹرکٹ چیئرمین لائنس کلب آف حیدرآباد سمَرپن) نے کہا کہ تمباکو کے نقصانات سے متعلق عوامی بیداری پیدا کرنے میں رضاکارانہ تنظیموں کا کردار نہایت اہم ہے اور اس سلسلے میں مسلسل آگہی مہمات چلانے کی ضرورت ہے۔اس موقع پر عالمی یومِ انسدادِ تمباکو کے حوالے سے ڈاکٹر راج نارائن مدیراج کی جانب سے تیار کردہ خصوصی وال پوسٹر کی رسمِ اجرا ڈاکٹر رویندر نائک کے ہاتھوں عمل میں آئی۔
انہوں نے اس بامقصد اقدام پر ڈاکٹر راج نارائن مدیراج کو مبارکباد بھی پیش کی۔تقریب کے دوران حال ہی میں سبکدوش ہونے والے سری کے۔ رویندر(کمیونٹی ہیلتھ آفیسر)کی طب و صحت کے شعبہ میں بالخصوص دیہی علاقوں میں چالیس سالہ نمایاں خدمات کے اعتراف میں شال پوشی، گلپوشی اور یادگاری مومنٹو پیش کرکے تہنیت پیش کی گئی۔ انہوں نے اپنی ملازمت کے دوران نوجوانوں میں تمباکو نوشی اور مختلف بیماریوں کے خلاف شعور بیدار کرنے کے لیے متعدد ریلیاں اور آگہی پروگرام منعقد کیے
۔اس موقع پر وی۔ ودیا ساگر (ریٹائرڈ ریڈیوگرافر، گورنمنٹ ایم این جے انسٹی ٹیوٹ آف آنکولوجی)، کوآرڈینیٹرس سری بیچوکاری سوریہ اور سری جی۔ وینو گوپال سمیت دیگر موجودتھے۔



