جرائم و حادثات

ورزش کی ٹرینگ کے دوران جم مالک پر فائرنگ – 26 سالہ نوجوان ہلاک

ہانسی: ہریانہ کے شہر ہانسی میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے ایک 26 سالہ جم مالک کو سرعام گولی مار کر قتل کر دیا، جبکہ ایک نوجوان خاتون زخمی ہوگئی۔ یہ واقعہ جمعرات کی صبح تقریباً 5:30 بجے فوارہ چوک کے قریب پیش آیا۔

 

پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت کپل کے طور پر ہوئی ہے، جو ضلع جند کے ایک گاؤں کا رہنے والا تھا اور ہانسی میں فٹنس سینٹر چلا رہا تھا۔ واقعہ کے وقت وہ 6 تا 7 افراد کو کھلی جگہ پر فٹنس ٹریننگ دے رہا تھا۔

 

سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق دو نامعلوم افراد موٹر سائیکل پر موقع پر پہنچے۔ ایک حملہ آور نے موٹر سائیکل سے اتر کر چند سیکنڈ کے اندر قریب سے تقریباً 10 فائر کئے۔ گولیاں لگنے سے کپل شدید زخمی ہو کر گر پڑا۔ اسے فوری طور پر ہاسپٹل منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے مردہ قرار دے دیا۔

 

فائرنگ کے دوران شکھا نامی ایک خاتون بھی گولیوں کے ٹکڑوں کی زد میں آکر زخمی ہوگئی، جسے علاج کے لئے ہسار کے ایک خانگی ہاسپٹل  منتقل کیا گیا۔

 

اطلاع ملتے ہی پولیس، کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (سی آئی اے) اور فارنسک ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھا کئے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے حملہ آوروں کی شناخت اور فرار کے راستے کا سراغ لگانے کی کوشش شروع کر دی ہے۔

 

ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ونود شنکر کے مطابق مقتول نے حال ہی میں اپنا فٹنس سینٹر نئی جگہ منتقل کیا تھا۔ پولیس تمام زاویوں سے تحقیقات کر رہی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق کپل نے تین سال قبل پسند کی شادی کی تھی، اس پہلو کو بھی تفتیش میں شامل کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button