تانڈور میں شراب نوشی کے دوران ایک شخص کی موت – پرمٹ روم میں کرسی پر ہی ڈھیر ہوگیا
تانڈور: تلنگانہ کے ضلع وقارآباد کے تانڈور ٹاون میں شراب نوشی کے دوران ایک شخص کی اچانک موت واقع ہوگئی۔ یہ واقعہ ایک وائن شاپ کے پرمٹ روم میں پیش آیا، جہاں وہ کرسی پر بیٹھ کر شراب پی رہا تھا۔
پولیس کے مطابق اندرا نگر کا رہنے والا سلیم خان پیشے سے مزدور تھا ایک وائن شاپ کے پرمٹ روم میں شراب نوشی کر رہا تھا کہ اچانک کرسی پر ہی بے سدھ ہوکر ڈھیر ہوگیا۔ کافی دیر تک کوئی حرکت نہ ہونے پر وہاں موجود افراد کو شبہ ہوا، جس پر انہیں فوری طور پر تانڈور ضلع ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔
تاہم ڈاکٹروں نے معائنہ کے بعد بتایا کہ سلیم خان اسپتال پہنچنے سے قبل ہی انتقال کر چکا تھا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر ضروری کارروائی انجام دی اور نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے روانہ کر دیا۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی طور پر موت کی وجہ اچانک طبی عارضہ یا شراب نوشی سے متعلق پیچیدگی بتائی جا رہی ہے، تاہم اصل وجہ کا تعین پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہوگا۔



