سونے کی قیمت میں نمایاں کمی

حیدرآباد: گزشتہ کچھ عرصے سے مسلسل بڑھنے والی سونے کی قیمتوں کو ملکی مارکیٹ میں اچانک بریک لگ گیا ہے۔ منگل کے روز ٹریڈنگ کے دوران ملٹی کموڈیٹی ایکسچینج (ایم سی ایکس) میں اگست ڈیلیوری کے لیے 10 گرام سونے کی قیمت 1,446 روپے کم ہو کر 1,46,672 روپے پر بند ہوئی۔
ماہرین کے مطابق اس کمی کی بنیادی وجہ مقامی اسپاٹ مارکیٹ میں سونے کی مانگ میں اچانک کمی ہے۔ گزشتہ چند دنوں کے دوران قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کے باعث خریدار اور سرمایہ کار نئی خریداری سے گریز کر رہے ہیں جس کے نتیجے میں بازار میں خرید و فروخت کی رفتار سست پڑ گئی ہے۔
آل انڈیا صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق حیدرآباد مارکیٹ میں 24 کیرٹ خالص سونے کی قیمت 10 گرام کے لیے 3,380 روپے کم ہو کر 1,44,600 روپے تک پہنچ گئی۔ اسی طرح زیورات میں استعمال ہونے والے 22 کیرٹ سونے کی قیمت 3,100 روپے گھٹ کر 1,32,550 روپے فی 10 گرام رہ گئی۔
چاندی کی قیمت میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی اور فی کلو قیمت 5,000 روپے کم ہو کر 2.45 لاکھ روپے پر آ گئی۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مقامی مارکیٹ میں کمزور طلب اور بین الاقوامی مارکیٹ سے ملنے والے منفی اشارے سونے کی قیمتوں میں کمی کی اہم وجوہات ہیں۔
عالمی مارکیٹ میں گولڈ فیوچرز کی قیمت 1.51 فیصد گر کر 4,126.77 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی جس کے اثرات بھارتی ریٹیل مارکیٹ پر بھی دیکھے جا رہے ہیں۔



