جنرل نیوز

غریبوں کے گھروں پر بلڈوزر چلا تو سخت مزاحمت ہوگی: سید اسماعیل

حیدرآباد: تلنگانہ رکشنا سینا کے ریاستی رہنما سید اسماعیل نے خبردار کیا ہے کہ اگر تلنگانہ حکومت نے غریبوں کے گھروں کو مسمار کرنے کی کوشش کی تو اسے ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مڈ فورٹ امبیڈکر ہٹس بستی میں غریبوں کے مکانات کو منہدم کرنے کی سازش کی جا رہی ہے، اور حکومت کو فوری طور پر اس ارادے سے باز آنا چاہیے۔ وہ منگل کے روز بنجارہ ہلز میں واقع ٹی آر ایس دفتر میں مڈ فورٹ امبیڈکر بستی کے مکینوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے

 

۔ سید اسماعیل نے بتایا کہ مڈ فورٹ امبیڈکر بستی میں گزشتہ 40 برسوں سے تقریباً 650 غریب خاندان مقیم ہیں، اور انہیں بے گھر کرنے کا منصوبہ نہایت ظالمانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور کینٹونمنٹ حکام بستی مکینوں کو گھروں کی مسماری کی دھمکیاں دے کر اور بلڈوزر کے ذریعے خوف و ہراس میں مبتلا کر رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تلنگانہ رکشنا سینا بستی کے مکینوں کے ساتھ کھڑی ہے اور پارٹی کی سربراہ کویتا کی قیادت میں تمام قائدین ان کے حق میں جدوجہد کریں گے۔

 

سید اسماعیل نے کہا کہ مقامی رکن اسمبلی گنیش نے انتخاب کے وقت وعدہ کیا تھا کہ انہیں مستقل پٹہ دیا جائے گا، مگر اب وہ اپنے وعدے سے مکر گئے ہیں جس پر متاثرین میں شدید مایوسی پائی جاتی ہے۔

 

انہوں نے مزید بتایا کہ بستی کے مکینوں کے پاس آدھار کارڈ، بجلی کنکشن، گیس بل سمیت تمام ضروری دستاویزات موجود ہیں اس کے باوجود انہیں بے دخل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

 

انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اگر غریبوں کے گھروں کو چھیڑا گیا تو سخت مزاحمت کی جائے گی۔ اس موقع پر متاثرین میں جنگمّا، لکشمی، سرسوتی، ملّما، اور دیگر کے علاوہ شیوا کمار، سرینواس، یادیا، سریتا اور سنتوش کمار بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button