سعودی عرب جانے اور آنے والوں کے لئے بڑی خبر – سونا ساتھ لے جانے کے قوانین سخت، خلاف ورزی پر بھاری جرمانہ

ریاض: سعودی عرب جانے والے اور وہاں سے دیگر ممالک کا سفر کرنے والے مسافروں کے لئے سعودی حکومت نے سونے، نقد رقم اور قیمتی اشیاء کی حمل و نقل سے متعلق نئے اور سخت قوانین نافذ کئے ہیں۔ یہ اقدامات منی لانڈرنگ کی روک تھام کے تحت کیے گئے ہیں، جن کے تحت پہلے سے مقرر 60 ہزار سعودی ریال کی حد کم کرکے 40 ہزار سعودی ریال کر دی گئی ہے۔
نئے قوانین کے مطابق اگر کوئی مسافر اپنے ساتھ 40 ہزار سعودی ریال (تقریباً 10 لاکھ بھارتی روپے) یا اس سے زیادہ مالیت کی نقد رقم، سونا، چاندی، قیمتی جواہرات یا زیورات لے کر سفر کرتا ہے تو اسے پہلے سے کسٹمز حکام کو تحریری ڈیکلریشن فارم جمع کرانا ہوگا۔ اس کے ساتھ ان اشیاء کی خریداری کے اصل بل یا انوائس بھی پیش کرنا لازمی ہوگا۔
سعودی زکوٰۃ، ٹیکس اینڈ کسٹمز اتھارٹی (ZATCA) نے خبردار کیا ہے کہ ان قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اگر کوئی مسافر قیمتی اشیاء کی اطلاع نہیں دیتا تو انہیں 72 گھنٹے کے لیے ضبط کیا جا سکتا ہے۔ پہلی بار خلاف ورزی پر ضبط شدہ اشیاء کی مالیت کا 10 سے 25 فیصد جرمانہ عائد ہوگا، جبکہ دوبارہ خلاف ورزی پر جرمانہ 50 فیصد تک بڑھ سکتا ہے۔
اگر حکام کو شبہ ہو کہ اشیاء اسمگلنگ یا کسی مجرمانہ مقصد کے لیے منتقل کی جا رہی ہیں تو معاملہ پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا جائے گا۔
ان نئے قوانین کا اثر سعودی عرب آنے جانے والے، خصوصاً بھارتی تارکین وطن پر پڑے گا۔ اس لئے مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ سونا یا دیگر قیمتی اشیاء ساتھ لے جاتے وقت ان کے اصل بل اور ضروری دستاویزات لازماً اپنے پاس رکھیں۔




