جرائم و حادثات

محبت کے نام پر دو بیٹیوں کو ہراساں کرنے والے نوجوان کا باپ نے قتل کردیا – حیدرآباد میں سنسنی خیز واردات

محبت کے نام پر دو نوجوان بہنوں کو ہراساں کرنے والے ایک شخص کو لڑکیوں کے والد نے قتل کردیا۔ یہ واقعہ منگل کی نصف شب مادھا پور میں پیش آیا۔ سب کے سامنے ہونے والے اس بہیمانہ قتل سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ دونوں لڑکیوں کو محبت کے نام پر ہراساں کرنے کے غصے میں ان کے والد اور ایک رشتہ دار نے مل کر ایک نوجوان کو چاقوؤں سے وار کرکے قتل کردیا۔ بعد ازاں دونوں ملزمین نے براہ راست پولیس اسٹیشن پہنچ کر خودسپردگی کردی۔

 

پولیس کے مطابق، ورنگل ضلع کے وردھنا پیٹ منڈل کے اپّراپلی گاؤں کا رہنے والا 30 سالہ  بھاسکر  حیدراباد کے مادھا پور کے ’سری سری نوما‘ ہوٹل میں باورچی کے طور پر کام کرتے ہوئے وہیں رہتا تھا۔ کل نصف شب تقریباً 11:45 بجے مادھا پور کی ارونودیا کالونی میں واقع رامیشورم کیفے کے سامنے موجود بھاسکر پر اچانک لاٹھیوں اور چاقوؤں سے حملہ کردیا گیا۔ سر سمیت جسم کے کئی حصوں پر شدید زخم آنے سے بھاسکر خون میں لت پت موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

 

لڑکیوں کے والدین نے الزام عائد کیا کہ مقتول بھاسکر گزشتہ کچھ عرصے سے ورنگل سے تعلق رکھنے والی دو بہنوں کا محبت کے نام پر پیچھا کرتے ہوئے فون پر پیغامات کے ذریعہ انہیں ہراساں کررہا تھا۔ اس ہراسانی کے خلاف پہلے ہی ورنگل ویمن پولیس اسٹیشن میں شکایت بھی درج کرائی گئی تھی۔ اہل خانہ نے بتایا کہ پولیس کی جانب سے کونسلنگ کئے جانے کے باوجود بھاسکر میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور اس نے ہراسانی جاری رکھی۔

 

پولیس کے مطابق بھاسکر نے لڑکیوں کے والد  راجو کو فون پر مبینہ طور پر چیلنج کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ہمت ہے تو حیدرآباد آؤ، دیکھ لیتے ہیں۔ لڑکیوں کو ہراساں کئے جانے کی اطلاع ملنے پر راجو نے بھاسکر کو فون کرکے تنبیہ کی تھی۔ تاہم بھاسکر کے چیلنج سے راجو برہم ہوگیا اور اپنے بہنوئی مارم کمار سوامی کے ساتھ حیدرآباد پہنچ گیا۔

 

دونوں نے مادھا پور کے رامیشورم کیفے کے قریب بھاسکر کو روک لیا اور اپنے ساتھ لائے ہوئے چاقوؤں اور لاٹھیوں سے اندھا دھند حملہ کرکے اسے قتل کردیا۔ اطلاع ملتے ہی مادھا پور پولیس موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ کلیوز ٹیم کی مدد سے شواہد جمع کئے گئے۔ نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے عثمانیہ جنرل ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔

 

دوسری جانب حملے کے اہم ملزمین  راجو اور مارم کمار سوامی نے خود مادھا پور پولیس اسٹیشن پہنچ کر خودسپردگی کردی۔ پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button