نیشنل

یونیفارم سیول کوڈ کے خلاف جمعیت علماء مدھیہ پردیش قانونی لڑائی لڑے گی: امیرِ شریعت مفتیِ اعظم حضرت مولانا مفتی محمد احمدخان

بھوپال، 25 جولائی: آج 10 صفر المظفر 1448ھ، مطابق 25 جولائی 2026ء، بروز سنیچر جامعہ اسلامیہ عربیہ مسجد ترجمہ والی، بھوپال میں امیرِ شریعت، مفتیِ اعظم حضرت مولانا مفتی محمد احمد خان صاحب، صدر جمعیت علماء مدھیہ پردیش و صدر رابطہ مدارس اسلامیہ مدھیہ پردیش کی صدارت میں جمعیت علماء مدھیہ پردیش کی ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی۔

 

میٹنگ میں ریاست مدھیہ پردیش میں نافذ کیے جا رہے یونیفارم سول کوڈ (UCC) کے آئینی، قانونی اور مذہبی پہلوؤں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ شرکائے میٹنگ نے اس بات پر تشویش ظاہر کی کہ یہ قانون مسلمانوں کے مذہبی و شخصی حقوق اور آئینِ ہند کی جانب سے عطا کردہ مذہبی آزادی سے متعلق بنیادی حقوق سے متصادم ہے۔

 

حضرت مولانا مفتی محمد احمد خان صاحب نے فرمایا کہ جمعیت علماء مدھیہ پردیش یو سی سی کے خلاف مکمل طور پر آئینی اور قانونی دائرے میں رہتے ہوئے جدوجہد کرے گی۔ پہلے مرحلے میں مدھیہ پردیش ہائی کورٹ میں مقدمہ دائر کیا جائے گا اور ضرورت پیش آنے پر سپریم کورٹ آف انڈیا سے بھی رجوع کیا جائے گا۔

 

قانونی مشاورت کے دوران سینئر ایڈووکیٹ جناب سید ساجد علی صاحب، ایڈووکیٹ جناب محبوب انصاری صاحب, ایڈووکیٹ جناب عبدالوحید خان (لالا) صاحب ،ایڈووکیٹ جناب فیصل صاحب ایڈووکیٹ جناب فیضان صاحب نے آئینی و قانونی نکات پیش کرتے ہوئے کہا کہ آئینِ ہند تمام شہریوں کو مذہبی آزادی اور بنیادی حقوق فراہم کرتا ہے، اور اگر کوئی قانون ان حقوق سے متصادم ہو تو اسے عدالت میں چیلنج کرنا ہر شہری اور ادارے کا آئینی حق ہے۔

 

جناب سید ساجد علی صاحب ایڈووکیٹ اور جناب محبوب انصاری صاحب ایڈووکیٹ نے یقین دہانی کرائی کہ جمعیت علماء مدھیہ پردیش کو جب بھی ان کی قانونی خدمات کی ضرورت ہوگی، وہ ہر مرحلے پر اپنی خدمات پیش کریں گے۔

میٹنگ میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ریاست بھر میں عوامی بیداری مہم چلائی جائے گی تاکہ عوام کو یو سی سی کے آئینی، قانونی اور سماجی اثرات سے آگاہ کیا جا سکے۔ اسی کے ساتھ 23 اگست 2026ء (ممکنہ تاریخ) کو باہمی محبت، قومی یکجہتی اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ایک خیر سگالی پروگرام منعقد کیا جائے گا، جس میں مختلف مذاہب کے مذہبی رہنماؤں، دانشوروں اور سماجی شخصیات کو مدعو کیا جائے گا۔

 

میٹنگ میں مندرجہ ذیل حضرات کے علاوہ حضرت مولانا محمد اسحاق خان صاحب صوبائی جنرل سکریٹری، حضرت مولانا مفتی ضیاء اللہ صاحب قاسمی صوبائی نائب صدر ، حضرت مولانا عبد الودود خانصاحب قاسمی رکن ارکان مرکزیہ ، حضرت مولانا مفتی شکیل احمد واجدی صوبائی آفس سکریٹری، حضرت مولانا مفتی مجیب الدین صاحب ضلعی صدر، جناب حافظ قمر صاحب ضلعی جنرل سکریٹری، حضرت مولانا مفتی عبدالشکور صاحب صدر حلقہ کروند، جناب قاری رضوان صاحب، حضرت مولانا نوشاد صاحب، حضرت مولانا مفتی نجیب الدین صاحب، جناب ایڈووکیٹ فراز صاحب سمیت دیگر علماء کرام، ذمہ داران اور ماہر وکلاء نے شرکت کی۔

 

میٹنگ کے اختتام پر امیرِ شریعت، مفتیِ اعظم حضرت مولانا مفتی محمد احمد خان صاحب نے تمام علماء کرام، سینئر وکلاء اور جمعیت علماء مدھیہ پردیش کے ذمہ داران کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button