تلنگانہ

فیملی رجسٹر سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لئے راشن کارڈ لازمی

فیملی رجسٹر سرٹیفکیٹ کے لئے راشن کارڈ ضروری ہے جن خاندانوں کے پاس راشن کارڈ موجود نہیں ہے، انہیں پہلے راشن کارڈ حاصل کرنا ہوگا، تب ہی وہ فیملی رجسٹر میں اندراج کرا سکیں گے۔

 

حیدرآباد:  تلنگانہ میں ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرثانی  کے دوران ہر خاندان کی درست معلومات کی ضرورت کے پیش نظر ریاستی حکومت نے تلنگانہ فیملی رجسٹر تیار کرنے اور اس کی بنیاد پر فیملی رجسٹر سرٹیفکیٹ  جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ ریونیو نے جی او نمبر 172 جاری کر دیا ہے۔

 

حکومت کے مطابق فیملی رجسٹر سرٹیفکیٹ اب می سیوا مراکز کے ذریعے صرف دو دن میں حاصل کیا جا سکے گا۔ اس سرٹیفکیٹ کے اجرا کا مقصد خاندانوں کا ایک معیاری الیکٹرانک ریکارڈ تیار کرنا، سرکاری خدمات کو تیز اور شفاف بنانا اور مختلف محکموں میں ایک ہی مستند خاندانی معلومات فراہم کرنا ہے۔

 

یہ فیصلہ خاص طور پر ووٹروں کے لیے اہم سمجھا جا رہا ہے کیونکہ الیکشن کمیشن نے ووٹر تصدیق کے لیے جن 12 دستاویزات کو تسلیم کیا ہے، ان میں فیملی رجسٹر سرٹیفکیٹ بھی شامل ہے۔ اب تک تلنگانہ میں یہ سرٹیفکیٹ جاری نہ ہونے کی وجہ سے کئی ایسے خاندان، جن کے پاس دیگر دستاویزات موجود نہیں تھے، ووٹر تصدیق کے عمل میں مشکلات کا سامنا کر رہے تھے۔

 

حکومت نے واضح کیا ہے کہ فیملی رجسٹر تیار کرنے کے لیے کوئی نیا سروے نہیں کیا جائے گا بلکہ محکمہ شہری رسدات کے راشن کارڈ کے ڈیٹا بیس کو بنیاد بنایا جائے گا۔ راشن کارڈ میں درج تمام افراد کی معلومات کو الیکٹرانک فیملی رجسٹر میں شامل کیا جائے گا اور راشن کارڈ نمبر ہی فیملی رجسٹر کی شناختی نمبر (FRC ID) ہوگا۔

 

جن خاندانوں کے پاس راشن کارڈ موجود نہیں ہے، انہیں پہلے راشن کارڈ حاصل کرنا ہوگا، تب ہی وہ فیملی رجسٹر میں اندراج کرا سکیں گے۔

 

فیملی رجسٹر میں خاندان کے سربراہ کا نام، تمام افراد کے نام، سربراہ سے رشتہ، عمر، تاریخ پیدائش، جنس، آدھار نمبر، مکان نمبر، گاؤں یا وارڈ، گرام پنچایت یا میونسپلٹی، منڈل اور ضلع سمیت دیگر تفصیلات درج ہوں گی۔

 

ریاستی حکومت نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ فیملی رجسٹر سرٹیفکیٹ جائیداد کی ملکیت یا وراثتی حقوق کا ثبوت نہیں ہوگا بلکہ صرف خاندانی معلومات کی تصدیق اور سرکاری خدمات کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

 

ملک کی کئی ریاستوں میں اسی طرز کا نظام پہلے سے نافذ ہے۔ ہریانہ میں پریوار پہچان پترا، اتر پردیش میں فیملی آئی ڈی (ایک پریوار، ایک پہچان)، کرناٹک میں کٹمبا، مدھیہ پردیش میں سمگرا فیملی آئی ڈی، راجستھان میں جن آدھار اور پنجاب میں فیملی آئی ڈی کے نام سے ایسے سرٹیفکیٹ جاری کیے جا رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button