اندرون 3 سال بیرون ممالک میں 1,900 سے زائد ہندوستانیوں کی خودکشی،کس ملک میں زیادہ اموات۔ پارلیمنٹ میں انکشاف
نئی دہلی: اپنے خاندان کے لیے بہتر مستقبل اور کچھ پیسہ بچانے کی امید میں ہزاروں بھارتی روزگار کی خاطر سمندر پار ممالک کا رخ کرتے ہیں لیکن قرض لے کر والدین، بیوی اور بچوں کو چھوڑ کر جانے والوں میں سے بہت سے افراد کی زندگیاں پردیس ہی میں ختم ہو رہی ہیں۔
بیرونِ ملک مقیم ہندوستانیوں میں خودکشی کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔مرکزی حکومت کی جانب سے لوک سبھا میں پیش کیے گئے تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ تین برسوں (2023–2025) کے دوران بیرونِ ملک مقیم 1,900 سے زائد ہندوستانی شہریوں نے خودکشی کر کے اپنی جان گنوائی۔
حکومت نے بتایا کہ ان میں سے 70 فیصد سے زیادہ اموات خلیجی ممالک میں ہوئیں۔
کس ملک میں کتنے افراد؟
کانگریس کے ارکانِ پارلیمنٹ ستپال برہماچاری اور جے پرکاش کے سوال کے جواب میں وزارتِ خارجہ کے وزیرِ مملکت کیرتی وردھن سنگھ نے لوک سبھا میں تحریری جواب پیش کیا۔
حکومت کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ تین برسوں میں 1,340 ہندوستانی شہریوں نے صرف خلیجی ممالک میں خودکشی کی۔
متحدہ عرب امارات : 511
سعودی عرب: 354
کویت: 162
عمان: 146
بحرین: 101
قطر: 66
دیگر ممالک میں صورتحال
خلیجی ممالک کے بعد ملائیشیا میں سب سے زیادہ 131 خودکشی کے واقعات رپورٹ ہوئے۔
دیگر ممالک میں
امریکہ: 62
اٹلی: 30 سے زائد
کینیڈا: 30 سے زائد
برطانیہ : 30 سے زائد
اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ماضی کے مقابلے میں بیرونِ ملک ہندوستانی شہریوں کی خودکشی کی اوسط تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ وزارتِ خارجہ کے مطابق 2014 سے 2022 کے درمیان آٹھ برسوں میں بیرونِ ملک 4,005 ہندوستانی شہریوں نے خودکشی کی تھی۔
دوسری جانب کام کی جگہوں پر پیش آنے والے حادثات کے باعث ہونے والی اموات میں سعودی عرب پہلے نمبر پر رہا جہاں 182 ہندوستانی کارکنوں کی موت ہوگئی۔ اس کے بعد:
متحدہ عرب امارات: 128
امریکہ: 46
کینیڈا: 40
سنگاپور: 32
مالدیپ: 13
اگرچہ حکومت نے ان خودکشیوں کی کوئی مخصوص وجہ بیان نہیں کی تاہم وزیر نے کہا کہ بیرونِ ملک کام کرنے والے ہندوستانی کارکنوں کے تحفظ کے لیے مختلف فلاحی اسکیمیں نافذ کی جا رہی ہیں۔
ان اسکیموں کے تحت "امیگریشن چیک ریکوائرڈ ” زمرے کے کارکنوں کو "پراواسی بھارتیہ بیمہ یوجنا” کے ذریعے 10 لاکھ روپے تک کا حادثاتی بیمہ فراہم کیا جا رہا ہے۔



