حیدرآباد میٹرو ریل میں مریضوں کی جان بچانے دل اور پھیپھڑوں کی منتقلی

حیدرآباد میٹرو ریل نے ایک بار پھر جان لیوا حالت میں موجود مریضوں کی جان بچانے میں غیر معمولی مظاہرہ کیا۔ اعضا کی فوری منتقلی کے لیے میٹرو حکام نے خصوصی گرین چینل قائم کرتے ہوئے انسان دوستی کی بہترین مثال پیش کی۔
گچی باؤلی کے کیئر اسپتال سے سکندرآباد کے کِمز اسپتال تک ایک عطیہ دہندہ سے حاصل کیے گئے دل اور پھیپھڑوں کو انتہائی تیزی سے منتقل کیا گیا۔ عام طور پر سڑک کے راستے ٹریفک کی وجہ سے اس سفر میں کافی وقت لگتا ہے، لیکن میٹرو کے گرین چینل کے ذریعے تقریباً 14 کلومیٹر کا فاصلہ صرف 25 منٹ میں طے کرکے اعضا اسپتال پہنچا دیے گئے۔
اعضا بروقت پہنچنے سے ڈاکٹروں نے متاثرہ مریضوں کی پیوندکاری کی سرجری کامیابی کے ساتھ شروع کر دی۔ اس موقع پر میٹرو حکام نے کہا کہ حیدرآباد میٹرو آئندہ بھی ایسے ہنگامی طبی اقدامات اور جان بچانے والے مشنوں میں مکمل تعاون فراہم کرتی رہے گی۔




