جاں بچانے کیلئے 7 گھنٹوں تک درخت پر پھنسا رہا ایک شخص۔ مہاراشٹرا میں شدید بارش کے دوران واقعہ
ممبئی: مہاراشٹر میں موسلا دھار بارش نے معمولاتِ زندگی درہم برہم کر دیے ہیں۔ جلگاؤں ضلع میں دریائے انجنی میں شدید سیلاب آنے سے مچھلی پکڑنے کیلئے گیا ہوا سریش بھیل نامی شخص دریا میں پھنس گیا۔
جان بچانے کے لیے وہ دریا کے بیچ موجود ایک درخت پر چڑھ گیا۔ مقامی افراد نے اسے دیکھ کر متعلقہ حکام کو اطلاع دی۔ سیلاب کی شدید روانی کے باعث امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ پیش آئی تاہم تقریباً سات گھنٹے بعد این ڈی آر ایف کی ٹیم نے کامیاب ریسکیو آپریشن کے ذریعے اسے بحفاظت نکال لیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست میں آئندہ پانچ دن تک مزید موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ مختلف اضلاع کے لیے ریڈ، اورنج اور ایلو الرٹ جاری کر دیے گئے ہیں۔ ممبئی۔پونے شاہراہ کے کرجت۔لوناؤلا گھاٹ سیکشن میں شدید بارش کے باعث بڑے پیمانے پر لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوئی ہے۔
احتیاطی اقدامات کے تحت سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں آج تعلیمی اداروں کو تعطیل دے دی گئی ہے۔



