جنرل نیوز

نارائن پیٹ کے ویٹنگ لسٹ عازمینِ حج کے لیے خوشخبری، حج کمیٹی نے بھرپور تعاون کا یقین دلایا

نارائن پیٹ: یکم اگست (اردو لیکس) نارائن پیٹ ضلع حج سوسائٹی کے ایک نمائندہ وفد نے آج حج ہاؤز، حیدرآباد پہنچ کر تلنگانہ حج کمیٹی کے اسسٹنٹ چیف ایگزیکٹیو آفیسر جناب محمد عرفان شریف سے ملاقات کی اور ضلع کے ویٹنگ لسٹ عازمینِ حج کے سلسلے میں ایک تفصیلی نمائندگی پیش کی۔

 

وفد کی قیادت صدر ضلع حج سوسائٹی جناب الحاج محمد امیرالدین ایڈوکیٹ نے کی، جبکہ معتمدِ عمومی جناب الحاج عثمان عبیداللہ صدیقی مجاہد بھی وفد میں شامل تھے۔

 

وفد نے اسسٹنٹ سی ای او کو بتایا کہ حج 2027 کے لیے ضلع نارائن پیٹ سے مجموعی طور پر 37 عازمین نے حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کرنے کے لیے درخواستیں داخل کی تھیں، تاہم قرعہ اندازی کے ذریعے صرف 11 خوش نصیب عازمین کا انتخاب عمل میں آیا، جبکہ 26 عازمین تاحال ویٹنگ لسٹ میں شامل ہیں۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ ویٹنگ لسٹ میں شامل تمام عازمین کو بھی حج کی سعادت حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جائے۔

 

اس موقع پر جناب محمد عرفان شریف نے وفد کو یقین دلایا کہ ان شاء اللہ ویٹنگ لسٹ میں شامل نارائن پیٹ ضلع کے تمام عازمین کو بھی حج کے لیے موقع فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال بھی ویٹنگ لسٹ کے بیشتر عازمین کو حج کی سعادت نصیب ہوئی تھی، اس لیے اس سال بھی امید افزا امکانات موجود ہیں۔

 

انہوں نے وفد کو یہ خوشخبری بھی سنائی کہ حج 2027 کے دوران تمام عازمین کے لیے کھانے کا انتظام تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے کیا جائے گا۔ مزید یہ کہ جن عازمین نے 20 روزہ حج پیکیج کے لیے درخواست دی ہے، انہیں حرمین شریفین کے قریب واقع ہوٹلوں میں قیام کی سہولت فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

 

جناب محمد عرفان شریف نے کہا کہ تلنگانہ حکومت ریاست کے عازمینِ حج کو بہترین ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اور سرگرم عمل ہے۔

 

انہوں نے منتخب عازمین سے اپیل کی کہ وہ مقررہ وقت کے اندر اپنی حج کی اقساط بینک میں جمع کروائیں، کسی قسم کی افواہوں یا اندیشوں کا شکار نہ ہوں، اور اگر کسی بھی مرحلے پر کوئی مسئلہ پیش آئے تو براہِ راست حج کمیٹی، حج ہاؤز، حیدرآباد سے رجوع کریں

 

۔ وفد نے اسسٹنٹ چیف ایگزیکیٹو آفیسر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ویٹنگ لسٹ میں شامل تمام عازمین کو بھی جلد خوشخبری ملے گی۔ اس موقع پر جناب محمد اعجاز مڑکی سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button