تعطیلات کا حوالہ دے کر اینومریشن فارم لینے سے انکار – بیرسٹر اویسی کا الیکشن کمیشن سے فوری مداخلت کا مطالبہ
صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسدالدین اویسی نے اتوار کو الیکشن کمیشن آف انڈیا اور گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کمشنر سے اپیل کی کہ ان شکایات کا فوری نوٹس لیا جائے
جن میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ بوتھ لیول افسران 9 اور 10 اگست کو سرکاری تعطیلات کا حوالہ دیتے ہوئے ووٹروں سے اینومریشن فارم وصول کرنے سے انکار کر رہے ہیں۔بیرسٹر اویسی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعہ یہ معاملہ اٹھایا اور الیکشن کمیشن اور جی ایچ ایم سی کمشنر کے سرکاری اکاؤنٹس کو ٹیگ کیا۔
بیرسٹر اویسی نے کہا کہ ’’گزشتہ روز سے ہمیں اپنے ایس آئی آر گائیڈنس ڈیسک پر لوگوں کی جانب سے بڑی تعداد میں شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ بی ایل اوز نے انہیں واضح طور پر بتایا ہے کہ وہ 9 اگست کو بونال اور 10 اگست کو سرکاری تعطیل کو اینومریشن فارم وصول نہیں کریں گے
۔‘انہوں نے کہا کہ کئی افراد اس تشویش کے ساتھ گائیڈنس ڈیسک پہنچے کہ انہیں مبینہ طور پر بتایا گیا ہے کہ ان کے فارم ان دونوں دنوں میں قبول نہیں کئے جائیں گے۔ صدر مجلس نے کہا کہ ’’ڈیسک پر کئی لوگ گھبرائے ہوئے نظر آئے۔‘‘
بیرسٹر اویسی نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کے مطابق لوگوں کے پاس اینومریشن فارم جمع کرانے کے لئے 10 اگست تک کا وقت ہے۔ انہوں نے حکام سے معاملے کا فوری نوٹس لینے اور اس بات کو یقینی بنانے کی اپیل کی کہ اہل ووٹروں کو مقررہ مدت میں یہ عمل مکمل کرنے کے موقع سے محروم نہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ’’براہ کرم اس معاملے کو دیکھیں، کیونکہ الیکشن کمیشن کے مطابق لوگوں کے پاس 10 اگست تک کا وقت ہے، لیکن یہ بی ایل اوز تعطیلات کا حوالہ دیتے ہوئے اس دن کام کرنے اور فارم وصول کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں۔




