مکہ میں بین الاقوامی مقابلہ حفظ قرآن۔ پہلی مرتبہ خواتین بھی شامل۔ 10 ملین کے انعامات

کے این واصف
مکہ مکرمہ میں کنگ عبد العزیز بین الاقوامی مقابلہ حفظ قرآن کریم، تلاوت و تفسیر کا 46 ویں ایڈیشن کا آغاز ہوا ہے۔سعودی پریس ایجنسی “ایس پی اے” کے مطابق اس مقابلے میں 133 ملکوں سے 334 افراد شریک ہیں، چار دہائیوں قبل اس ایونٹ کے آغاز کے بعد شرکا کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر سرپرست اور وزارت اسلامی امور کے زیر اہتمام یہ مقابلہ 19 اگست تک جاری رہے گا۔ اس مقابلے میں 10.26 ملین ریال کی انعامی رقم رکھی گئی ہے، جو مقابلے کی تاریخ کی سب سے بڑی انعامی رقم ہے۔
پہلی مرتبہ خواتین کے لیے بھی مقابلے کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ مکہ کے ایک ہوٹل میں خواتین کا الگ مقابلہ اور اختتامی تقریب ہوگی جبکہ مردوں کا فائنل راؤنڈ اور اختتامی تقریب مسجد الحرام میں منعقد کی جاتی ہے۔
اس مقابلے کا مقصد مرد اور خواتین کو حفظ، فہم اور غور و فکر کے ذریعے قرآن پڑھنے کی ترغیب، مثبت مسابقت، نئی نسل کو قران سے جوڑنا اور قرآن کی خدمت کے حوالے سے سعودی عرب کی کوششوں کو اجاگر کرنا ہے۔



