تلنگانہ

بونال تہوار : حیدرآباد کے پرانا شہر سمیت دیگر علاقوں میں ٹریفک تحدیدات

حیدرآباد: حیدرآباد میں بونال تہوار 9 اور 10 اگست منعقد ہوگا اس کے پیش نظر ٹریفک پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک کی آمدورفت میں تبدیلیاں کرنے کا اعلان کیا ہے۔ لال دروازہ، کاروان دربار میسماں، عنبرپیٹ مہانکالی اور چلکل گوڑہ کٹہ میسماں مندروں کے اطراف ٹریفک پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

 

لال دروازہ بونال کے پیش نظر پرانے شہر میں 9 اگست کو صبح 6 بجے سے اور 10 اگست کو صبح 9 بجے سے جلوس کے اختتام تک ٹریفک کا رخ تبدیل کیا جائے گا۔ پرانا شہر کے مدینہ ایکس روڈ سے انجن باؤلی (چارمینار اور ناگل چنتا کے راستے) جانے والی سڑک کو بونال جلوس مکمل ہونے تک مکمل طور پر بند رکھا جائے گا۔

 

آر ٹی سی بسوں اور بھاری گاڑیوں کو چارمینار اور فلک نما کی جانب جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ گاڑیوں کو متبادل راستوں پر منتقل کیا جائے گا۔کاروان دربار میسماں بونال کے موقع پر 8 اگست کی رات 9 بجے سے 10 اگست کی صبح تک پرانا پل،ضیا گوڑہ اور ٹپہ چبوترہ کے اطراف ٹریفک پابندیاں نافذ رہیں گی۔

 

عنبرپیٹ مہانکالی مندر کے قریب 9 اگست کی صبح 6 بجے سے 10 اگست دوپہر 12 بجے تک ٹریفک کا رخ تبدیل کیا جائے گا۔ ٹریفک پولیس نے بسوں اور بھاری گاڑیوں کو عنبرپیٹ فلائی اوور کے راستے جانے کی ہدایت دی ہے۔

 

چلکل گوڑہ کٹہ میسماں مندر کے قریب 9 اور 10 اگست کو صبح 5 بجے سے رات 11 بجے تک ٹریفک پابندیاں نافذ رہیں گی۔ گاڑیوں کو سیتاپھل منڈی اور پدماراؤ نگر کی جانب متبادل راستوں سے روانہ کیا جائے گا۔

 

ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک میں پھنسنے سے محفوظ رہنے کے لیے سفر کے دوران متبادل راستوں کا انتخاب کریں۔ ٹریفک پولیس نے مشورہ دیا ہے کہ شہری اپنے سفر کا قبل از وقت انتظام کریں اور وقت رکھ کر گھر سے روانہ ہوں تاکہ انہیں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button