انٹر نیشنل

مجتبیٰ خامنہ ای کی ویڈیو منظرِ عام پر – سپریم لیڈر کی تشویشناک حالت سے متعلق اسرائیلی دعووں پر ایران کا جواب

ایران نے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کی حالت تشویشناک ہونے سے متعلق اسرائیلی میڈیا کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے ان کی ایک ویڈیو جاری کردی۔ سرکاری میڈیا کی جانب سے جاری ویڈیو میں مجتبیٰ خامنہ ای بظاہر صحت مند دکھائی دے رہے ہیں اور ان کے جسم پر کسی زخم یا تکلیف کے آثار نظر نہیں آئے۔ تاہم ایران نے یہ نہیں بتایا کہ ویڈیو کب ریکارڈ کی گئی تھی۔

 

اسرائیل اور امریکہ کے حملوں میں شدید زخمی ہونے کے بعد سے مجتبیٰ خامنہ ای عوامی طور پر نظر نہیں آئے تھے، جس کے باعث ان کی زندگی سے متعلق سوالات اٹھ رہے تھے۔ حملوں کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ مجتبیٰ خامنہ ای اس قدر شدید زخمی ہوئے ہیں کہ انہیں پہچاننا مشکل ہے اور ان کے زندہ بچنے کے امکانات انتہائی کم ہیں۔

 

ایران کے سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات میں بھی مجتبیٰ خامنہ ای شریک نہیں ہوئے تھے۔ اس سے قبل اپنی اہلیہ کی آخری رسومات میں بھی ان کی عدم شرکت نے قیاس آرائیوں کو مزید تقویت دی تھی۔ ایرانی حکام کا کہنا تھا کہ وہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر عوامی تقریبات میں شرکت نہیں کر رہے۔

 

جمعہ کو اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ مجتبیٰ خامنہ ای کی صحت تیزی سے خراب ہو رہی ہے اور آنے والے دنوں میں ان کی موت کی خبر سامنے آسکتی ہے۔ ان خبروں کے بعد ایران نے مجتبیٰ خامنہ ای کی ویڈیو جاری کرکے ان کی صحت سے متعلق قیاس آرائیوں کو مسترد کرنے کی کوشش کی ہے۔

Oplus_131072

متعلقہ خبریں

Back to top button