وزارت حج و عمرہ – حجاج کو خدمات کی فراہمی کا معیار: کمپنیوں کی کارکردگی کا سالانہ جائزہ

کے این واصف
حج سیزن کے اختتام کے ساتھ ہی اگلے سیزن کی تیاریون کا آغاز کردیاجاتا ہے۔ اس سلسلہ میں وزارتِ حج وعمرہ نے حج سیزن 1447 ہجری کے دوران بیرون ملک سے آنے والے حجاج کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کے حوالے سے کمپنیوں کی کارکردگی کا سالانہ جائزہ جاری کیا ہے۔
سودی پریس ایجنسی “ایس پی اے” کے مطابق اس اقدام کا مقصد فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو بہتر بنانا، شفافیت کو فروغ دینا اور خدمتِ ضیوف الرحمان پروگرام کے اہداف کو حاصل کرنا ہے۔وزارت کے مطابق جائزے میں ان کمپنیوں کو شامل کیا گیا ہے جو حجاج کے امور کے دفاتر، متعلقہ حج آرگنائزرز اور براہ راست حج ماڈل کے تحت خدمات فراہم کرتی ہیں۔
کمپنیوں کو کارکردگی کی بنیاد پر تین زمروں میں تقسیم کیا گیا ، پہلا زمرہ بہترین کارکردگی (آؤٹ سٹینڈنگ پرفارمنس)، دوسرا، بہت اچھی کارکردگی (ویری گڈ پرفارمنس) اور تیسرا، اچھی کارکرگی ( گڈ پرفارمنس) شامل ہیں۔
کمپنیوں کی درجہ بندی ہر حج سیزن کے اختتام پر سالانہ بنیادوں پر اپ ڈیٹ کی جاتی ہے۔ جائزے میں 60 فیصد ضوابط کی پابندی اور انتظامی تقاضوں کی تکمیل، جبکہ 40 فیصد خدمات کے معیار کو دیا جاتا ہے۔
وزارت کا کہنا ہے اس کا مقصد حجاج کو خدمات فراہم کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کرنا بھی ہے تاکہ وہ اپنی کارکردگی کو اور حجاج کو خدمات کے معیار کو بہتر بناتے رہیں۔



