حیدرآباد بالاپور حاملہ لڑکی کے قتل کا معاملہ۔ عاشق اور اس کی ماں گرفتار

حیدر آباد – بالا پور پولیس نے حاملہ لڑکی کے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے ملزم اور اس کی ماں دونوں کو گرفتار کر کے عدالتی تحویل میں دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق 2 روز قبل بسمہ اللہ کالونی کے رہنے والے احمد سلام نے اپنی معشوقہ ریحانہ کا خنجر سے حملہ کرنے کے بعد رہی سے گلا گھونٹ کر قتل کر دیا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ وہ دونوں فنکشن ہال میں کام کیا کرتے تھے اور ان کا تعلق ریاست بہار سے بتایا گیا ہے۔
نوجوان لڑکا اور لڑکی ایک دوسرے سے محبت کرتے تھے اور گزشتہ چند ماہ سے شادی کے بغیر ساتھ رہنے لگے تھے۔ اس دوران لڑکی حاملہ ہوگئی اور اس نے سلام پر شادی کے لئے دباو ڈالا جس پر اس نے ریحانہ کو راستہ سے ہٹا دینے کا منصوبہ بنایا۔ شادی کے مسئلہ پر 17 اگست کو دونوں میں جھگڑا ہوا۔
برہم نوجوان نے لڑکی پر خنجر سے حملہ کر دیا اور اس کے بعد رہی سے گلا گھونٹ کر اس کا قتل کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ سلام کی ماں عائشہ بیگم نے بھی اپنے بیٹے کی مدد کی۔ قتل کی واردات انجام دینے کے بعد ملزمین نعش کو تھیلے میں ڈال کر ٹھکانے لگانے کی کوشش میں تھے جو نا کام ثابت ہوئی۔
پولیس نے اس واقعہ کی تحقیقات کرتے ہوئے ملزم اور اس کی ماں دونوں کو گرفتار کر لیا۔


