میلاد النبی ﷺ جلوس: ڈی جے پر پابندی، ٹرپل رائڈنگ،سائلنسر نکال کر تیز رفتاری یا خطرناک ڈرائیونگ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔کمشنر پولیس حیدرآباد

حیدرآباد. پولیس کمشنر جناب وی سی سجنار آئی پی ایس نے اپیل کی ہے کہ شہر میں 26 اگست کو منعقد ہونے والے مقدس میلاد النبی ﷺ کے جلوس کو پُرامن اور خوشگوار ماحول میں شاندار انداز میں منعقد کیا جائے۔ ہفتہ کے روز بنجارہ ہلز میں واقع ٹی جی آئی سی سی سی میں انہوں نے ’’مرکزی میلاد جلوس کمیٹی‘‘ کے ذمہ داران کے ساتھ ایک رابطہ اجلاس منعقد کیا۔
انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی ولادتِ باسعادت امن اور بھائی چارے کی علامت ہے۔ ہر شخص کو ذمہ داری کے ساتھ کام کرتے ہوئے آپ ﷺ کے دیے ہوئے امن کے پیغام کو عام کرنا چاہیے۔انہوں نے اس موقع پر کمیٹی کے ذمہ داران کا خصوصی شکریہ ادا کیا کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران اگرچہ گنیش وسرجن اور میلاد کی تقریبات ایک ہی وقت میں آئیں تاہم امن و امان برقرار رکھنے کے مقصد سے کمیٹی نے اپنے جلوس ملتوی کرکے شہر کی پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کیا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اسی طرح کا باہمی تعاون جاری رہے گا۔جلوس کے انتظامات کے حوالے سے انہوں نے واضح کیا کہ جلوس مقررہ وقت پر ہی شروع کیا جائے اور مقررہ مدت کے اندر اسے مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ اور حکومت کے قوانین کے مطابق ڈی جے اور ایسے ساؤنڈ سسٹمز جن سے زیادہ صوتی آلودگی پیدا ہوتی ہےاس پر مکمل پابندی ہے۔ صرف روحانی اور مذہبی ماحول کو ترجیح دی جانی چاہیے۔
کمشنر نے کہا کہ نابالغوں کے جانب سے گاڑیاں چلانے، موٹر سائیکلوں پر تین افراد کے سوار ہونے اور سائلنسر نکال کر تیز رفتاری یا خطرناک ڈرائیونگ کرنے کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ مقررہ تاریخ سے قبل کسی بھی قسم کی بائیک ریلی کی اجازت نہیں ہوگی چونکہ اس وقت بارش کا موسم ہے اس لیے برقی روشنیوں کی سجاوٹ کے دوران حفاظتی اصولوں پر عمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جھنڈے بجلی کی تاروں سے نہ ٹکرائیں، اس کے لیے پیشگی احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔
اسی طرح لنگر یا کھانے کی تقسیم کے مراکز کے قریب ٹریفک جام نہ ہو اس کے لیے وبلینٹرس پولیس کے ساتھ تال میل قائم کریں۔اس سے قبل پولیس افسران کے ساتھ منعقدہ ویڈیو کانفرنس میں بھی سی پی نے سکیورٹی اور بندوبست کے انتظامات کے سلسلے میں ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ بونال تہوار کی طرح میلاد کی تقریبات کو بھی پُرامن طریقے سے مکمل کرنے کے لیے فیلڈ لیول کے اہلکار باہمی تال میل کے ساتھ کام کریں۔
انہوں نے بتایا کہ حساس علاقوں میں سخت حفاظتی انتظامات کیے جا رہے ہیں اور مرکزی جلوس کی نگرانی ڈرونز اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جائے گی۔ سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز پوسٹس، نفرت انگیز تبصرے کرنے والوں اور روڈی شیٹرز پر مسلسل نظر رکھی جائے گی۔
سجنار نے مزید بتایا کہ جلوس میں شامل گاڑیوں کے لیے پیشگی اسٹیکرس مختص کیے جا رہے ہیں۔ ہنگامی حالات میں رابطے کے لیے خصوصی کوآرڈینیشن واٹس ایپ گروپ اور ہیلپ لائن نمبر بھی قائم کیا گیا ہے۔
اس اجلاس میں ایڈیشنل سی پی لا اینڈ آرڈر، ساؤتھ رینج، جناب تپسیر اقبال، آئی پی ایس؛ جوائنٹ سی پی ٹریفک جناب جوئل ڈیوس، آئی پی ایس؛ ٹریفک-3 ڈی سی پی جناب راہل ہیگڑے، آئی پی ایس؛ چارمینار زون ڈی سی پی جناب کھارے کرن پربھاکر، آئی پی ایس، راجندر نگر ڈی سی پی جناب سری نواس، آئی پی ایس؛ شمش آباد ڈی سی پی جناب راجیش؛ گولکنڈہ ڈی سی پی جناب راگھویندر ریڈی کے علاوہ
مرکزِ میلاد جلوس کمیٹی کے کنوینر مولانا حافظ مظفر حسین خان، جوائنٹ سیکریٹری مولانا سید احمد الحسینی باکری، جوائنٹ کنوینر مولانا سید احمد الحسینی قادری، اراکین ڈاکٹر شجاع الدین افتخاری، مولانا سید حسینی رضوی، مولانا سید احمد معین الدین قادری، مولانا سید ندیم اللہ حسینی، مولانا شیخ فرید الدین زاہد، سید رؤف، اعظم خان اور دیگر نے شرکت کی۔





