جنرل نیوز

نارائن پیٹ میں میلادالنبی ﷺ جلوس کے لیے انتظامات کا مطالبہ، ضلع کلکٹر کو میلاد کمیٹی کی درخواست

نارائن پیٹ میں میلادالنبی ﷺ جلوس کے لیے انتظامات کا مطالبہ، ضلع کلکٹر کو میلاد کمیٹی کی درخواست:

 

نارائن پیٹ: میلادالنبی ﷺ کے موقع پر نارائن پیٹ میں منعقد ہونے والے جلوس کے پیش نظر سڑکوں کی صفائی، گڑھوں کی مرمت، ٹریفک انتظامات اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے میلاد کمیٹی نارائن پیٹ نے ضلع کلکٹر سے خصوصی انتظامات کرنے کی درخواست کی ہے۔میلاد کمیٹی کے صدر عبدالسلیم ایڈوکیٹ نے ضلع کلکٹر نارائن پیٹ کو دی گئی درخواست میں بتایا کہ میلادالنبی ﷺ کا جلوس 26 اگست 2026 کو صبح 10 بجے لعل مسجد سے شروع ہوگا۔ جلوس معصوم علی درگاہ، امبا بھوانی مندر ، اولڈ عثمان میڈیکل ہال، اولڈ بس اسٹینڈ، حاجی خان پیٹ، سنٹر چوک، صراف بازار اور جامع مسجد سے ہوتا ہوا تقی بابا درگاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس میں بڑی تعداد میں عوام کی شرکت متوقع ہے۔

 

درخواست میں کہا گیا کہ جلوس کو پرامن، محفوظ اور عوام کے لیے کسی قسم کی پریشانی کے بغیر منعقد کرنے کے لیے نارائن پیٹ میونسپلٹی اور متعلقہ تمام محکموں کے درمیان مؤثر تال میل ضروری ہے۔کمیٹی نے جلوس کے پورے راستے کی پیشگی صفائی، کچرے، مٹی، ملبے اور جمع پانی کی فوری نکاسی، سڑکوں پر موجود گڑھوں کی فوری بھرائی اور خراب حصوں کی مرمت کا مطالبہ کیا

 

۔ اس کے علاوہ کھلے نالوں اور مین ہولز کو مناسب طریقے سے ڈھانپنے، سڑکوں سے پتھر، تعمیراتی سامان اور دیگر رکاوٹیں ہٹانے کی بھی درخواست کی گئی۔جلوس کے راستے پر اسٹریٹ لائٹس کو فعال رکھنے اور لٹکتی ہوئی تاروں و کیبلز کو محفوظ بنانے کے لیے محکمہ بجلی کے ساتھ ضروری کارروائی کرنے پر بھی زور دیا گیا۔ جلوس کی روانی اور عوامی تحفظ کے لیے مناسب تعداد میں پولیس اہلکاروں کی تعیناتی، ٹریفک مینجمنٹ اور ضرورت کے مطابق ٹریفک ڈائیورژن کا انتظام کرنے کی اپیل کی گئی۔کمیٹی نے مزید کہا کہ جلوس کے دوران ایمبولینس، فائر سروس اور دیگر ہنگامی گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے راستہ ہر وقت کھلا رکھا جائے اور متعلقہ ایمرجنسی خدمات کو الرٹ رکھا جائے۔

 

عوام کی سہولت کے لیے ضرورت کے مطابق پینے کے پانی اور عارضی صفائی کی سہولیات فراہم کرنے کی بھی درخواست کی گئی۔درخواست میں پولیس، میونسپلٹی اور دیگر متعلقہ محکموں کی جانب سے جلوس کے راستے کا پیشگی مشترکہ معائنہ کرنے اور تمام ضروری کام جلوس سے کم از کم ایک دن قبل مکمل کرنے کی اپیل کی گئی۔میلاد کمیٹی نے ضلعی انتظامیہ کو یقین دلایا کہ منتظمین پولیس اور سول انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔ جلوس کے راستے پر رضاکاروں کو تعینات کیا جائے گا تاکہ نظم و ضبط، صفائی اور عوامی سہولت کو یقینی بنایا جاسکے۔ کمیٹی نے تمام سرکاری ہدایات اور شرائط کی پابندی کرتے ہوئے جلوس کو پرامن انداز میں منعقد کرنے اور عوامی سہولت و فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا مکمل خیال رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔

 

آخر میں ضلع کلکٹر سے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کرنے اور منتظمین کے ساتھ رابطے کے لیے ایک نوڈل افسر مقرر کرنے کی درخواست کی گئی۔اس موقع پر محمد نواز موسیٰ صدر مدرسہ دارالعلوم دینیہ’ امیر الدین ایڈوکیٹ صدر عید گاہ کمیٹی ‘ محمد تقی چاند رکن بلدیہ مجلس’ غلام دستگیر چاند سابقہ رکن بلدیہ’ حاظ محمد تقی ودیگر موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button