کھمم بی آر ایس کے اقلیتی ضلع صدر محمد تاج الدین کا انتقال، کھمم میں غم کی لہر
کھمم: بی آر ایس پارٹی کے اقلیتی ضلع صدر اور کھمم شہر سے تعلق رکھنے والے متحرک قائد محمد تاج الدین کا پیر کی شب دیر گئے دل کا دورہ پڑنے سے 52 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔ ان کے اچانک انتقال کی خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی کھمم شہر اور متحدہ ضلع بھر میں غم کی لہر دوڑ گئی۔
محمد تاج الدین کے انتقال پر مختلف سیاسی جماعتوں، سماجی و ملی تنظیموں کے قائدین اور عوام کی بڑی تعداد نے گھٹیا سنٹر میں واقع ان کی رہائش گاہ پہنچ کر افرادِ خاندان سے تعزیت کی اور مرحوم کے لیے مغفرت کی دعا کی۔
سابق ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پی اجے کمار نے محمد تاج الدین کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اچانک موت سے بی آر ایس پارٹی نے کھمم ضلع میں ایک قیمتی، محنتی اور مخلص قائد کو کھو دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاج الدین دل و جان سے بی آر ایس پارٹی سے وابستہ تھے اور مسلمانوں کے مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ متحرک رہتے ہوئے عوامی خدمت کو ترجیح دیتے تھے۔
پی اجے کمار نے کہا کہ محمد تاج الدین ان کے لیے ایک بھائی کی مانند تھے اور ان کے انتقال سے کھمم ضلع کے عوام ایک مخلص قائد سے محروم ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اور بی آر ایس پارٹی غم کی اس گھڑی میں مرحوم کے افرادِ خاندان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے مرحوم کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھنے اور خاندان کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کا تیقن دیا۔
مرحوم محمد تاج الدین کی نمازِ جنازہ آج، منگل کو بعد نمازِ عصر شام 5:30 بجے مدرسہ اسلامیہ دارالعلوم، کھمم کے احاطے میں ادا کی جائے گی۔



