حیدرآباد میں دن دہاڑے سنسنی خیز ڈکیتی، دو خواتین کو مکان میں یرغمال بناکر 3.20 کروڑ روپے لوٹ لئے گئے

حیدرآباد: شہر حیدراباد کے ایل بی نگر پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع منصورآباد میں ہفتہ کی دوپہر چار نامعلوم ڈاکوؤں نے ایک مکان میں داخل ہوکر دو خواتین کو یرغمال بنایا اور 3 کروڑ 20 لاکھ روپے کی خطیر رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔ یہ واردات ہفتہ کو دوپہر تقریباً 2:30 بجے پیش آئی۔
تفصیلات کے مطابق کومّراولی سمپت کمار نے آسٹریلیا سے اراضی کی خریداری کے لئے اپنے بہنوئی وجئے کمار ریڈی کے بینک کھاتے میں 3.2 کروڑ روپے منتقل کئے تھے۔ رقم نکالنے کے بعد سمپت کمار نے حفاظت کی غرض سے اسے پروین نامی شخص کے مکان میں رکھا تھا۔ ہفتہ کی دوپہر چار ڈاکو مکان میں داخل ہوئے اور وہاں موجود منیما (65) اور ان کی بہو مونیکا کو باندھ کر رقم لے کر فرار ہوگئے۔
ڈاکوؤں کے جانے کے بعد خواتین کی چیخ و پکار سن کر پڑوسی چوکس ہوگئے اور پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے شکایت کی بنیاد پر مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ پولیس کو شبہ ہے کہ اس واردات میں ملوث افراد رقم کی موجودگی اور اس کے مقام سے واقف تھے اور ممکنہ طور پر متاثرین کے جاننے والے ہوسکتے ہیں۔



