تلنگانہ

تلنگانہ حکومت کا ملازمین کو دو ڈی اے دینے پر اتفاق، تیسرے کی 3 تا 4 ماہ میں ادائیگی کا تیقن

حیدرآباد: تلنگانہ حکومت نے ملازمین کو دو ڈی اے (مہنگائی الاؤنس) دینے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ یہ بات ملازمین کی تنظیموں کے نمائندوں نے بتائی۔ چیف سکریٹری سنجے جاجو نے سکریٹریٹ میں ملازمین کی تنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا، جس میں خاص طور پر پے ریویژن کمیشن (پی آر سی) رپورٹ کی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

اطلاعات کے مطابق چیف سکریٹری نے بتایا کہ رواں ماہ کے اختتام تک پی آر سی رپورٹ آنے کا امکان ہے۔ اجلاس کے بعد ملازمین تنظیموں کے نمائندوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے حکومت سے تین ڈی اے دینے کا مطالبہ کیا تھا، تاہم حکومت نے فی الحال دو ڈی اے دینے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

 

انہوں نے بتایا کہ حکومت نے 3.46 فیصد کا ایک ڈی اے پہلے ہی اعلان کیا ہے، جبکہ دوسرے ڈی اے کے طور پر 2.74 فیصد دینے پر بھی رضامندی ظاہر کی ہے۔ تیسرا ڈی اے 3 سے 4 ماہ کے اندر دینے کا حکومت نے تیقن دیا ہے۔

 

ملازمین تنظیموں کے رہنماؤں نے کہا کہ پی آر سی رپورٹ موصول ہوتے ہی ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ سی پی ایس ختم کرکے او پی ایس نافذ کرنے کے معاملے کا جائزہ لینے کے لئے ملازمین تنظیموں کے رہنماؤں اور عہدیداروں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کا بھی حکومت نے تیقن دیا ہے۔ یہ کمیٹی مختلف ریاستوں کا دورہ کرکے اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

 

رہنماؤں نے کہا کہ ماضی میں ملازمین کو ہر ماہ کی یکم تاریخ کو تنخواہ دلانے کے لئے جدوجہد کرنا پڑتا تھا، لیکن اب یکم تاریخ کو تنخواہیں مل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملازمین کے مسائل ایک ایک کرکے حل کر رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button