5 دنبینک بند۔اس اتوار کو رہیں گے کھلے

نئی دہلی: بینک یونینوں کی ہڑتال کے پیشِ نظر مرکزی حکومت نے ایک اہم فیصلہ کیا ہے۔ اس ماہ کی 28 تاریخ سے تین روزہ ہڑتال کے اعلان کے بعد مرکزی وزارتِ فینانس اور ریزرو بینک آف انڈیا نے اتوار کو بھی بینکنگ خدمات جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے
جس کے تحت 27 تاریخ اتوار کو بینکوں کی شاخیں کھلی رہیں گی۔وزارتِ فینانس نے بتایا کہ ہڑتال کی وجہ سے بینک صارفین اور عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اسی لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔عام طور پر چوتھے ہفتے کا ہفتہ اور اتوار بینکوں کے لیے تعطیل ہوتے ہیں۔ 28 تاریخ سے پیر منگل اور چہارشنبہ کو تین روزہ ہڑتال ہونے کی وجہ سے بینکنگ خدمات مجموعی طور پر پانچ دن متاثر ہونے کا امکان تھا۔
اسی کے پیشِ نظر اتوار کو بینک کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزارتِ فینانس کے مطابق آربی آئی نے بھی اس فیصلے کی منظوری دے دی ہے۔وزارتِ فینانس نے بتایا کہ سرکاری شعبے کے بینکوں کے ساتھ علاقائی دیہی بینک بھی اتوار کو کام کریں گے۔
واضح رہے کہ ملازمین ہفتے میں پانچ دن کام کرنے کے نظام کو نافذ کرنے کے معاہدے کی منظوری نہ ملنے پر احتجاج کر رہے ہیں۔ مارچ 2024 میں ہونے والے معاہدے کے مطابق ملازمین ہفتے میں صرف پانچ دن کام کرنے اور روزانہ مزید 40 منٹ کام کرنے پر رضامند تھے تاہم حکومت کی جانب سے ابھی تک منظوری نہیں ملی۔
اس کے علاوہ صرف اسکیل-4 اور اس سے اوپر کے افسران کے لیے پرفارمنس لنکڈ انسینٹیو اسکیم پر بھی ملازمین میں شدید عدم اطمینان پایا جاتا ہے۔ہڑتال کے پیشِ نظر ایس بی آئی سمیت 12 سرکاری بینکوں نے اپنے صارفین کے لیے ہدایات جاری کی ہیں۔ بینکوں نے واضح کیا ہے کہ اگرچہ برانچوں میں براہِ راست ہونے والے کام متاثر ہو سکتے ہیں
لیکن ڈیجیٹل بینکنگ خدمات معمول کے مطابق دستیاب رہیں گی۔ یو پی آئی نیٹ بینکنگ، موبائل ایپس اور اے ٹی ایمس کے ذریعے ڈیجیٹل لین دین جاری رہے گا۔ بینکوں نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ بلوں کی ادائیگی اور چھوٹی رقم کی منتقلی کے لیے ڈیجیٹل ذرائع استعمال کریں۔



