نیشنل

چوہے کو زندہ جلانے کے واقعہ میں چار نوجوانوں کے خلاف مقدمہ – تین گرفتار ؛ اترپردیش کے جھانسی میں واقعہ

 

جھانسی: اترپردیش کے جھانسی میں چار نوجوانوں نے ایک چوہے کو پکڑ کر رسی سے باندھا اور لوہے کے گیٹ پر لٹکانے کے بعد پٹرول چھڑک کر زندہ جلا دیا۔ ملزمین نے اس واقعہ کی ویڈیو بھی بنائی، جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمین کو گرفتار کرلیا، جبکہ ایک فرار ہے۔ یہ واقعہ 29 اکتوبر کو کوتوالی پولیس اسٹیشن کے حدود میں پیش آیا۔

 

پولیس کے مطابق ملزمین نے پہلے پنجرہ لگا کر چوہے کو پکڑا۔ اس کے بعد کوتوالی کے اورچھا گیٹ واقع قصاب منڈی میں رہنے والے جی شان قریشی ولد شفیق قریشی اور شفیق قریشی نے چوہے کو رسی سے باندھ کر ڈنڈوں سے مارا اور پھر لوہے کے گیٹ پر لٹکا دیا۔ بعد ازاں جنید قریشی ولد سفیق قریشی نے بوتل سے چوہے پر پٹرول چھڑکا اور ماچس کی تیلی سے آگ لگا دی۔ اس دوران آصف قریشی ولد آباد قریشی نے موبائل فون سے ویڈیو بنائی

 

ملزمین نے اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کردی، جو وائرل ہوتے ہوئے پولیس تک پہنچ گئی۔ پولیس نے ویڈیو کی بنیاد پر تحقیقات کرتے ہوئے ملزمین کی شناخت کی اور سب انسپکٹر روہت کمار کی شکایت پر کوتوالی پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔

 

کوتوالی انچارج انجن کمار نے بتایا کہ جنید قریشی، آصف قریشی اور شفیق قریشی کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ تینوں کو عدالت میں پیش کیا جارہا ہے، جبکہ ایک ملزم فرار ہے جس کی تلاش جاری ہے۔

 

چوہے کو زندہ جلانے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد عوام میں شدید برہمی پائی جارہی ہے۔ شری مہاکال گؤ سیوا سنستھان کے عہدیداروں اور کارکنوں نے کوتوالی پولیس اسٹیشن پہنچ کر ملزمین کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے افراد کو سخت سزا دی جانی چاہئے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کا اعادہ نہ ہو۔

متعلقہ خبریں

Back to top button