این آر آئی

ریاض کی رہائشی حیدرآبادی لڑکی مدیحہ فاطمہ نے میرٹ پر (MBBS) میں سیٹ حاصل کی

ریاض – (ای میل ) 

ہونہار حیدرآبادی لڑکی مدیحہ فاطمہ جس کی بود و باش ریاض، سعودی عرب میں ہوئی نے دو سال تک شاھین گروپ آف ایجوکیشن کے ہاسٹل میں رہ کر ادارے کی رہنمائی اورسخت محنت کے ذریعہ حیدرآباد میں میرٹ کی بنیاد پر ایم بی بی ایس میں فری سیٹ حاصل کی۔

 

صحافی محمد سیف الدین کے مطابق مدیحہ فاطمہ جناب محمد فاروق الدین جو ریاض کے ایک معروف کارپوریٹ ہاسپٹل سے منسلک ہیں کی دختر ہیں۔ اپنی دختر کی اس شاندار کامیابی پر بزمِ اردو ٹوسٹ ماسٹرز کلب ریاض کے فعال رکن محمد فاروق الدین نے اپنے احباب کے لیے ریاض میں ایک تہنیتی تقریب کا اہتمام کیا۔

 

انہوں نے یہ تقریب ریاض کے “کنگز ریسٹورنٹ” میں منعقد کی تھی۔ اس موقع پر احباب اور کمیونٹی کے اراکین نے شرکت کی، جنہوں نے مدیحہ کی کامیابی پر انہیں ڈاکٹر بننے کے خواب کو حقیقت میں تبدیل کرنے پر مبارکباد دی۔

 

میڈیکل ڈگری پروگرام میں داخلہ ملنا ایک بڑی کامیابی ہے، جو طالب علم کی لگن، مستقل مزاجی اور تعلیم کے تئیں عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ مدیحہ کی یہ کامیابی ان کے خاندان کے لیے باعثِ فخر ہے اور ان دیگر طلباء کے لیے بھی قابل تقلید ہے جو شعبہ طب میں اپنا کیریئر بنانے کے خواہشمند ہیں۔ اس موقع پر

 

“آل انڈیا اسٹیئرنگ کمیٹی” کے رکن انجینئر محمد مبین، آل انڈیا یونائیٹیڈ فورم کے صدر ڈاکٹر اشرف علی، گلوبل تلنگانہ فورم کے صدر عبدالجبّار اور کمیونٹی کے دیگر افراد نے شرکت کی اور محمد فاروق کو مبارکباد دی۔

 

محمد فاروق نے مدیحہ کے عزم کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ دو سال تک ہاسٹل میں مقیم رہیں اور ہمیشہ یہی کہتی تھیں کہ تعلیم ان کی اولین ترجیح ہے، جبکہ ہاسٹل کی سہولیات کھانا پینا ان کے لیے ثانوی حیثیت رکھتی ہیں۔

 

حصولِ تعلیم اور اپنے مستقبل کو سنوارنے کا مدیحہ کا یہ جذبہ نوجوانون کے لیے ایک مشعلِ راہ اور قابلِ تقلید مثال ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button