مہمانان رب العزت کے لیے نئی سہولت۔ “عمرہ زائرین صحت پروگرام” کے تحت حرم میں رضاکارانہ طبی خدمات

کے این واصف
عمرہ زائرین کے لیے ویسے تو تمام سرکاری اسپتالوں میں طبّی سہولیات مفت دستیاب رہتی ہیں۔ مزید آسانی کے لئے اب احاطہ حرم میں بھی یہ سہولت فراہم کردی گئی ہے۔
حج و عمرہ ہیلتھ ایسوسی ایشن کے رضاکاروں نے مکہ مکرمہ کے مختلف مقامات پر گزشتہ دو ہفتوں کے دوران 433 عمرہ زائرین کو صحت خدمات فراہم کیں۔سعودی پریس ایجنسی “ایس پی اے” کے مطابق ایسوسی ایشن کے پروگرام “عمرہ زائرین صحت”!کے عنوان سے رضاکارانہ منصوبہ شروع کیا گیا ہے، جس کے تحت ابتدائی صحت خدمات ضرورت مند زائرین کو فراہم کی جاتی ہیں۔
ایسوسی ایشن کے رضاکاروں کی ٹیمیں مسجد الحرام کے اندر، بیرونی صحنوں اور مرکزی ایریا کے ہوٹلوں میں عمرہ زائرین کو صحت خدمات فراہم کرتی ہیں۔ پیش کی جانے والی رضاکارانہ صحت خدمات کا مقصد عمرہ زائرین کو بروقت ابتدائی طبی امداد فراہم کرنا ہے تاکہ انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ اس ضمن میں متعدد زائرین کو ان کی اقامت گاہوں پر بھی طبی خدمات فراہم کی گئیں۔
ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ صحت پروجیکٹ کے تحت ضیوف الرحمان کی خدمت اور انہیں صحت کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا رضاکاروں کی ترجیح ہوتی ہے، تاکہ وہ مکمل صحت مندانہ ماحول میں رہتے ہوئے زیادہ سے زیادہ وقت عبادت میں گزاریں۔



