حیدرآباد کے مشہور ہوٹلوں میں گندگی کا انکشاف – شاہ غوث،سہیل ؛ نایاب سمیت 14 ہوٹلوں کے لائسنس معطل، 544 کلو خراب غذائی اشیاء تلف
حیدرآباد: شہر کے مشہور ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس میں غذائی تحفظ کے سنگین اصولوں کی خلاف ورزیوں کا انکشاف ہونے پر تلنگانہ فوڈ اینڈ ڈرگس کوالٹی اسٹینڈرڈز اتھارٹی (ٹی جی سیف) نے سخت کارروائی کی ہے۔ ہفتہ کو گولکنڈہ اور چارمینار زون کے 22 ریسٹورنٹس میں 22 خصوصی ٹیموں نے اچانک معائنہ کیا۔ اس دوران 14 ہوٹلوں کے ایف ایس ایس اے آئی لائسنس فوری طور پر معطل کرتے ہوئے کاروباری سرگرمیاں بند کرنے کا حکم دیا گیا، جبکہ تاج فلک نما پیلس اور پستہ ہاؤس سمیت 8 ہوٹلوں کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کی گئی۔
معائنے کے دوران کئی ہوٹلوں کے کچن میں چوہوں کی بیٹ، لال بیگ، سڑی ہوئی سبزیاں، پھپھوندی لگی غذائی اشیاء، استعمال شدہ تیل کو بار بار گرم کرنے اور فریج میں سبزی خور و گوشت کی غذائیں ایک ساتھ رکھنے جیسی سنگین بے قاعدگیاں پائی گئیں۔ حکام نے موقع پر ہی 544 کلو گرام غیر معیاری اور خراب غذائی اشیاء اور 13 کلو گرام استعمال شدہ پکانے کا تیل تلف کردیا، جبکہ ملاوٹ کے شبہ میں 21 غذائی نمونے حاصل کرکے جانچ کے لئے تجربہ گاہوں کو روانہ کئے۔ حکام کے مطابق گوشت کے شوقین افراد میں مقبول لیگ پیس بھی انتہائی خراب اور سڑی ہوئی حالت میں پائے گئے۔
لائسنس معطل ہونے والے ہوٹلوں میں ٹولی چوکی کا سری راگھویندر اُڈپی ویج، سنتوش نگر کا لکی ریسٹورنٹ، شاہ علی بنڈہ کا شاہ غوث کیفے، چارمینار کا ہوٹل نایاب، گڈی ملکاپور کا سری بالاجی فیملی ڈھابہ، صدیق کباب سینٹرل کچن، ٹولی چوکی کا السبا ہوٹل، دل سکھ نگر کا محفل ریسٹورنٹ، سنتوش نگر کا سری راگھویندر اُڈپی ویج، مساب ٹینک کا ڈائن ہل، ملک پیٹ کا سہیل ریسٹورنٹ، اکشے ٹفن، ایم جے آر روڈ کا ہوٹل وینکٹیشورا اور ریٹھی باؤلی کا عیذیبو دی رائل عربین ریسٹورنٹ شامل ہیں۔
وجہ بتاؤ نوٹس حاصل کرنے والے اداروں میں تاج فلک نما پیلس، چارمینار کا ہوٹل سبزی، شاہ علی بنڈہ کا پستہ ہاؤس، سنتوش نگر کا سویکار ہوٹل، منڈی ایٹ 36، مساب ٹینک کا گولکنڈہ ہوٹل، ٹولی چوکی کا امپیریل ملٹی کیوزین ریسٹورنٹ اور لکشمی کاپول کی طیبہ بیکری شامل ہیں۔ حکام نے غذائی تحفظ کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر سخت کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔




