تلنگانہ

اکبر الدین اویسی کی نمائندگی پر نامپلی حج ہاؤز سے متصل زیر التواء عمارت کی تکمیل کے لئے 25 کروڑ روپے مختص – مصر اور سعودی عرب میں تعلیم پر بھی مالی امداد فراہم کرنے کا تیقن

حیدراباد – قائد مجلس مقننہ پارٹی و رکن اسمبلی چندرائن گٹہ اکبر الدین اویسی کی نمائندگی اور مطالبات پر تلنگانہ کے ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرامارکا نے نامپلی حج ہاؤز سے متصل کئی برسوں سے زیر التواء کثیر منزلہ عمارت کی تعمیر مکمل کرنے کے لیے 25 کروڑ روپے مختص کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے اقلیتوں کی تعلیمی ترقی اور فلاحی اسکیمات کے لیے فنڈز بروقت جاری کرنے اور زیر التواء کاموں کی جلد تکمیل کی بھی یقین دہانی کروائی۔

 

جمعہ کے روز پرجا بھون میں ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرامارکا کی صدارت میں اقلیتی بہبود کے امور پر اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ریاستی وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین، قائد مجلس مقننہ پارٹی اکبر الدین اویسی، پرنسپل سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم، سکریٹری بی شفیع اللہ، جی ایچ ایم سی کمشنر آر وی کرنن اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔

 

اجلاس میں اکبر الدین اویسی نے اقلیتوں کو درپیش تعلیمی، معاشی اور فلاحی مسائل کے علاوہ زیر التواء ترقیاتی کاموں کی جانب ڈپٹی چیف منسٹر کی توجہ مبذول کروائی۔ ان کی نمائندگی پر بھٹی وکرامارکا نے واضح کیا کہ اقلیتی طلبہ کی تعلیمی ترقی کے لیے اسکولوں، اسٹڈی سرکلس اور دیگر تعلیمی اداروں کو فنڈز کی اجرائی میں کوئی تاخیر یا رکاوٹ نہیں ہوگی۔ انہوں نے تعلیمی اداروں کی عمارتوں کے زیر التواء بلز بھی جلد جاری کرنے کی ہدایت دی۔

 

حج ہاؤز سے متصل عمارت کے لیے 25 کروڑ روپے

نامپلی حج ہاؤز کے قریب کئی برسوں سے نامکمل پڑی کثیر منزلہ عمارت کی تعمیر مکمل کرنے کے لیے ڈپٹی چیف منسٹر نے جی ایچ ایم سی کو ہدایت دی کہ مختلف سڑکوں کی توسیع کے لیے استعمال کی گئی اوقافی اراضی کے عوض وقف بورڈ کو واجب الادا رقم میں سے 25 کروڑ روپے اس عمارت کی تکمیل کے لیے جاری کئے جائیں۔ انہوں نے تعمیراتی کام جلد مکمل کرکے عمارت کو عوام کے استعمال کے لیے دستیاب بنانے کی ہدایت دی۔ اس عمارت میں اقلیتی طلبہ کے لیے اسٹڈی سرکل اور محکمہ اقلیتی بہبود کے مختلف دفاتر قائم کرنے کی تجویز ہے۔

مغل پورہ اور بنڈلہ گوڑہ میں اسٹڈی سرکلس

اجلاس میں مغل پورہ اور بنڈلہ گوڑہ میں اقلیتی طلبہ کے لیے دو اسٹڈی سرکلس کے قیام میں درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔ اکبر الدین اویسی نے ان دونوں مقامات پر اسٹڈی سرکلس کے لیے تیار عمارتیں فراہم کرنے کی پیشکش کی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے ان سے اس سلسلے میں باضابطہ تجویز پیش کرنے کی خواہش کی اور متعلقہ عہدیداروں کو ضروری کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت دی۔

مصر اور سعودی عرب کو اوورسیز اسکالرشپ فہرست میں شامل کرنے کی تجویز

اقلیتی طلبہ کو بیرون ملک اعلیٰ تعلیم کے مزید مواقع فراہم کرنے کے مقصد سے حکومت کی اوورسیز اسکالرشپ اسکیم کے تحت جن ممالک میں تعلیم حاصل کرنے کی سہولت دستیاب ہے، ان کی فہرست میں مصر اور سعودی عرب کو بھی شامل کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کا ڈپٹی چیف منسٹر نے اعلان کیا۔ اس اقدام سے اہل اقلیتی طلبہ کو ان ممالک میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے مالی امداد حاصل کرنے کے مواقع فراہم ہوں گے۔

 

دیگر اقلیتی مسائل کی یکسوئی کا تیقن

اکبر الدین اویسی نے شادی مبارک اسکیم کے زیر التواء معاملات، اسلامی کلچرل سنٹر کے لیے متبادل اراضی کی فراہمی، راجیو یووا وکاسَم اسکیم کے تحت اقلیتی درخواست گزاروں کے مسائل اور پری میٹرک اسکالرشپس کی اجرائی جیسے امور بھی ڈپٹی چیف منسٹر کے سامنے پیش کئے۔ انہوں نے عیسائی اقلیتوں کو درپیش مسائل کی بھی نمائندگی کی۔ بھٹی وکرامارکا نے تمام امور کا جائزہ لے کر ضروری فنڈز بروقت جاری کرنے اور زیر التواء درخواستوں و مسائل کی یکسوئی کا تیقن دیا۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button