تلنگانہ

رنگاریڈی ضلع کلکٹر کو 6 ماہ قید اور 2 ہزار روپے جرمانہ – عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر تلنگانہ ہائی کورٹ کا سخت فیصلہ

حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ نے عدالتی احکامات کی دانستہ خلاف ورزی کے معاملے میں سخت فیصلہ سناتے ہوئے رنگاریڈی ضلع کے کلکٹر سی نارائن ریڈی کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دیا ہے۔ جسٹس کے لکشمن کی سربراہی میں عدالت نے کلکٹر کو 6 ماہ کی سادہ قید اور 2 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ تاہم اپیل دائر کرنے کی سہولت فراہم کرتے ہوئے عدالت نے سزا پر عمل آوری کو 4 ہفتوں کے لیے ملتوی کردیا۔

 

کیا ہے پورا معاملہ؟

تفصیلات کے مطابق بعض درخواست گزاروں نے رجسٹریشن ایکٹ 1908 کی دفعہ 22-A کے تحت ممنوعہ جائیدادوں کی فہرست سے بعض پلاٹس کو خارج کرنے کے لئے درخواست دی تھی۔ اس درخواست پر غور کرتے ہوئے ہائی کورٹ نے اگست 2025 میں رنگاریڈی کلکٹر کو ہدایت دی تھی کہ وہ 60 دن کے اندر اس معاملے پر فیصلہ کریں۔

 

تاہم مقررہ مدت گزرنے کے باوجود کلکٹر کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی، جس پر متاثرین نے 15 اکتوبر 2025 کو ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کردی۔

 

عدالتی کارروائی کے بعد حرکت میں آیا محکمہ

توہین عدالت کی درخواست دائر ہونے کے بعد عہدیداروں نے متاثرین کو نوٹس جاری کئے اور 26 فروری 2026 کو ان کی درخواست مسترد کردی۔ بعد ازاں 8 جولائی کو بھی دوبارہ درخواست مسترد کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔

 

ہائی کورٹ نے اس طرز عمل پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کی جانب سے مقررہ 60 دن کی مدت میں کارروائی نہیں کی گئی اور توہین عدالت کی درخواست دائر ہونے کے بعد ہی انتظامیہ حرکت میں آئی۔

 

عدالت نے کہا کہ عدالتی احکامات پر مقررہ وقت میں عمل نہ کرنا اور بعد میں محض رسمی کارروائی کے طور پر احکامات جاری کرنا دانستہ توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔ عدالت نے واضح کیا کہ آئی اے ایس رینک کے ایک اعلیٰ عہدیدار کی جانب سے عدالتی احکامات کو نظرانداز کرنا قابل قبول نہیں ہے۔

 

اسی بنیاد پر ہائی کورٹ نے رنگاریڈی کلکٹر سی نارائن ریڈی کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دیتے ہوئے 6 ماہ کی سادہ قید اور 2 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ تاہم انہیں اپیل کا موقع فراہم کرنے کے لیے سزا پر عمل آوری 4 ہفتوں تکمعطل رکھی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button