جرائم و حادثات

حیدرآباد میں ایک اور پولیس عہدیدار رشوت لیتے ہوئے گرفتار

حیدرآباد: محکمہ انسدادِ رشوت ستانی (اے سی بی) کے عہدیداروں نے ایک اور پولیس عہدیدار کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ دو مقدمات میں چارج شیٹ داخل کرنے کے لیے ایک ملزم سے دو لاکھ روپے رشوت طلب کرکے وصول کرتے ہوئے کیسرا پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر (ایس آئی) سرینواس کو اے سی بی حکام نے پکڑ لیا۔

 

یہ واقعہ پیر کو کیسرا کے شلپا لے آؤٹ میں پیش آیا۔اے سی بی عہدیداروں کے مطابق کیسرا پولیس اسٹیشن میں درج زمین کے دھوکہ دہی اور دفعہ 498 اے کے تحت ایک مقدمے میں ایک شخص ملزم ہے۔ اس نے دونوں مقدمات میں جلد چارج شیٹ داخل کرنے کے لیے ایس آئی سرینواس سے درخواست کی تھی۔

 

تاہم بتایا جاتا ہے کہ ایس آئی نے چارج شیٹ جلد داخل کرنے کے لیے دو لاکھ روپے رشوت طلب کی اور رقم نہ دینے کی صورت میں کارروائی میں تاخیر کرنے کی دھمکی دی۔ایس آئی کی جانب سے رشوت طلب کیے جانے سے پریشان ہوکر متاثرہ شخص نے اے سی بی سے رجوع کیا۔

 

اس کے بعد منصوبہ بندی کے تحت پیر کی صبح کیسرا کے شلپا لے آؤٹ میں ایس آئی نے متاثرہ شخص کو دو لاکھ روپے لے کر آنے کی ہدایت دی۔ جیسے ہی سرینواس نے اس شخص سے رشوت کی رقم وصول کی اے سی بی عہدیداروں نے دھاوا کرتے ہوئے اسے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔

 

بعد ازاں تحقیقات مکمل کرکے مزید قانونی کارروائی کے تحت اسے مجسٹریٹ کے سامنے پیش کرنے کی تیاری کی گئی۔حالیہ عرصے میں پولیس محکمہ میں رشوت کے الزامات نے ہلچل مچا رکھی ہے۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ تین ماہ کے

 

دوران انسپکٹر انجنیلو اور ایس آئی گیانیندر ریڈی بھی رشوت لیتے ہوئے اے سی بی کے ہاتھوں گرفتار ہوچکے ہیں۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button